امریکا کا فوجی طیارہ ریاست جارجیا کے شہر سوانح میں گر کر تباہ ،9 افراد ہلاک

طیارے میں عملہ کے پانچ ارکان اور چار مسافر سوار تھے،فوج نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی

جمعرات 3 مئی 2018 23:04

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) امریکا کا ایک فوجی مال بردار طیارہ ریاست جارجیا کے شہر سوانح میں ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام نو افراد ہلاک ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق چیتھم کاؤنٹی کی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ڈبلیو سی 130 طیارہ دو شاہراہوں کے سنگم پر گر کر تباہ ہوا ہے۔

طیارے میں عملہ کے پانچ ارکان اور چار مسافر سوار تھے۔فوج نے اس حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔حادثے کا شکار ہونے والا عمر رسیدہ طیارہ ائیر نیشنل گارڈ کا تھا اور یہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کو دن ساڑھے گیارہ بجے گر کر تباہ ہوا ہے۔طیارہ سوانح کے ہلٹن ہیڈ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہی ایک ہائی وے پر بالکل عمودی انداز میں گر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

(جاری ہے)

طیارہ گرنے کے بعد اس شاہراہ میں گڑھا پڑ گیا ہے اور اس کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔امریکی فضائیہ نے ایک بیان میں اس امر کی تصدیق کی کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ پیورٹو ریکو میں 156 ویں ائیر لفٹ ونگ کا ملکیتی تھا۔یہ طیارہ سوانح میں مرمت کے لیے لایا گیا تھا اور یہ اپنی آخری پرواز پر ایریزونا جارہا تھا جہاں اس کو گراؤنڈ کردیا جانا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فضائی حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔