پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت تھیلیسیما کے مرض میں مبتلا بھارتی شہری کو واپس بھجوا دیا

جتندر ارجن کراچی سے بذریعہ ہوائی جہاز لاہور پہنچا،واہگہ باڈر پر بی ایس ایف کے حوالے کیا گیا

جمعرات 3 مئی 2018 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی شہری کو واپس بھجوا دیا ۔ تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا بھارتی شہری جتندرارجن واڑہ راجستھان کے علاقے سے سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل ہوا تھا ۔ بھارتی شہری کو ایک سال کی سزا سنائی گئی تھی اور اسے حیدر آباد کی سنٹرل جیل میں رکھا گیا تھا ۔ پاکستانی حکام نے نے جتندر کے سلسلہ میں بھارت کو متعدد خطوط لکھے لیکن بھارت نے اسے اپنا شہری تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم چند ماہ پہلے بھارت نے اس کی شہریت کی تصدیق کی جس کے بعد پاکستان نے واپس بھیجنے کاعندیہ دیا تھا ۔ دستاویزات مکمل ہونے کے بعد جتندر کو جمعرات کے روز کراچی سے بذریعہ ہوائی جہاز لاہور لایا گیا اور بعد ازاںواہگہ باڈر پہنچایا گیا ۔پاکستان رینجرز کی جانب سے اسے بھارتی باڈر سکیورٹی فورس کے حوالے کر دیا گیا ۔ بتایاگیا ہے کہ جتندر ارجن واڑہ خون کی بیماری تھیلیسیمیا میں مبتلا ہے اور پاکستان میں اسے علاج معالجے کی مکمل سہولیات فراہم کی گئیں۔