ڈاکٹر روتھ فا سول اسپتال میں16 بیڈ کا ہیٹ اسٹرک مینجمنٹ سینٹر قائم

سینٹر میں ائیر کنڈیشنڈ چلر پلانٹ کے ساتھ او آر ایس نمکول، ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور مشروبات کا انتظام کیا گیا ہے

جمعرات 3 مئی 2018 23:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) سندھ کے سب سے بڑے ڈاکٹر روتھ فا سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ نے کراچی شہر میں متوقع گرمی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 16 بیڈ کا ہیٹ اسٹرک مینجمنٹ سینٹر قائم کردیا ہے ۔سینٹر میں ائیر کنڈیشنڈ چلر پلانٹ کے ساتھ او آر ایس نمکول، ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور مشروبات کا انتظام کیا گیا ہے ۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹر توفیق کے مطابق ڈاکٹر نصراللہ کو ہیٹ سٹروک مینجمنٹ سینٹر کا فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے اور کیمپ میں میڈیکل اسٹاف بھی مہیا کردیا گیا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ ہیٹ اسٹروک کی علامات میںبے ہوشی ،شدید پیاس کا لگنا ،متلی کا آنا اور پسینے کا بالکل بند ہوجانا شامل ہے ۔اگر ان میں سے کوئی ایک علامت یا کیفیت دکھائی دے تو متاثرہ شخص کو سایہ دارجگہ یا کمرے کے اندر لے جاکر ٹھنڈا پانی ڈالا جائے ۔

(جاری ہے)

ہیٹ اسٹروک ہو جانے کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ ہیٹ اسٹروک کے بچاؤ کے حوالے سے بتایا کہ پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں ٹھنڈے پانی سے غسل کریں اور گرم مشروبات سے جس قدر ممکن ہو پرہیز کریں بہت زیادہ گرم اور نم موسم کے دوران باہر کم سے کم نکلیں اور چائے کافی اور کولڈڈرنک کا استعمال نہ کریں باہر نکلنے پر بڑے اور لمبی آستینوں والے اور ہلکی کلر کے کپڑے کا استعمال کریں زیادہ سے زیادہ پانی پیئں اور باہر کے کام دن کے آغاز یا اختتام پر نمٹانے کوشش کریں۔

انہوںنے کہا کہ درجہ حرارت 40سے تجاوز کرتا ہے تو شدید گرمی اور سورج کی تپش کے باعث ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ہوتا ہے اگر فوری طور حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کیا جائے توہیٹ اسٹروک اکثر وبیشتر جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔