پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعرات کو آزادی صحافت کا دن منایاگیا

صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران قتل، زخمی یا متاثر ہونے والے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انہیں زبردست خراج عقیدت و تحسین پیش کیا گیا

جمعرات 3 مئی 2018 23:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ءپاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعرات کو آزادی صحافت کا دن منایاگیا ،اقوام متحدہ کی جانب سے 3 مئی کو ہر سال آزادی صحافت کا دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد صحافت کے بنیادی اصولوں کی موجودہ صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرنا اور دنیا میں صحافت کی موجودہ صورتحال کی شکل کو پیش کرنا ہے۔اس کے ساتھ ہی اس دن کو منانے کا مقصد صحافتی فرائض کے دوران قتل، زخمی یا متاثر ہونے والے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انہیں خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ہر سال اس دن کی مناسبت سے اقوام متحدہ 2 روزہ کانفرنس منعقد کرتا ہے،رواں برس آزادی صحافت کا عالمی دن ’طاقت پر نظر، میڈیا، عدل اور قانون کی حکمرانی‘ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔2 روزہ کانفرنس میں میڈیا کے مسائل، سیاسی عمل کی شفافیت، عدالتی نظام اور قانون کی حکمرانی پر نظر ثانی کی جائے گی جبکہ کانفرنس میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ہر آزادی اظہار رائے کے حوالے سے درپیش مسائل بھی زیر بحث آئیں گے۔ پاکستان میں بھی آج آزادی صحافت کا دن منانے کے لیے ریلیوں اور تقریبات کا انقعاد کیا گیا ہے جس میں اٴْن صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیاجو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔