پریم یونین پشاور کے زیر اہتمام حلف برداری کی تقریب

ریلوے کے مزدوروں نے اپنی شب وروز محنت سے ریلوے کے خسارے کو کم کیا ہے،مقررین

جمعرات 3 مئی 2018 23:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) پریم یونین پشاور کے زیر اہتمام حلف برداری تقریب پشاور ریلوے سٹیشن میں منعقد ہوئی۔ جس میں امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں مرکزی صدر پریم یونین حافظ سلمان بٹ ،مرکز ی جنرل سیکرٹری خیر محمدتونیو، مرکز ی سینئر نائب صدر شیخ محمد انور ، ممبرکنٹوئمنٹ بورڈ پشاور بیرسٹر عاطف علی خان ،مرکزی نائب صدر دائود خان نے خصوصی طورپر شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صابرحسین اعوان ، حافظ سلمان بٹ اور دیگر قائدین نے کہاکہ ریلوے کے مزدوروں نے اپنی شب وروز محنت سے ریلوے کے خسارے کو کم کیا ہے ہم انشاء اللہ حکومت میں اکر مزدوروں کے ٹائم سکیل پروموشن ہرپانچ سال کے بعد کریں گے اور ریلوے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کیا جائے گا جس حکومت نے ریلوے کو بیجنے کی کوشش کی اسی حکومت کو گھر بھیج دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلاء محمد خان ، سلیم خان ،شیرعالم، انور خان اور دیگر ذمہ داران بھی موجودتھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر صابرحسین اعوان نے کہاکہ جماعت اسلامی مزدوروں کی پشتیبان ہے مزدور خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ حافظ سلمان بٹ نے اپنی جرات مندانہ قیادت کے ذریعے ریلوے کو خوشحالی کی جانب گامزن کیا ہے دیانتدار قیادت اگر تمام اداروں کو میسر اجائے تو ملک میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔

اس موقع پر قائدین پریم یونین اور جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ریلوے مزدوروں کی اپ گریڈیشن کی جائے ، تمام ریلوے سٹاف میں TCAاور PMپیکج پر بھرتی سٹاف کو کنفرم کیا جائے ۔ پرائیوٹائزیشن کو ختم کیا جائے ۔ تمام میکنکل سٹاف کو 25فیصد ٹیکنیکل الائونس دیا جائے ۔ تمام سٹاف کو TAاور DAکا اجراء بھی عمل میں لایا جائے ۔