پشاور، خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ہوٹل اہلکاروں اور بیکریوں میں کام کرنے والوں کی دو روزہ تربیت مکمل

جمعرات 3 مئی 2018 23:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ہوٹل اہلکاروں اور بیکریوں میں کام کرنے والوں کی دو روزہ تربیت مکمل ہوگئی ہے۔ ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطاللہ خان کے مطابق پشاور کے بیکریوں اور ہوٹل میں کام کرنے والوں کیلئے میٹرو کیش اینڈ کیری سروس کے تعاون سے دو روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں 60 اہلکاروں کو تربیت دی گئی۔

تربیت کیلئے میٹرو کیش اینڈ کیری کے پیشہ ور سٹاف کی خدمات حاصل کی گئیں۔ تربیت مکمل کرنے والوں میں اسناد تقسیم کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں فوڈ سیفٹی لیول ون کی تربیت دی گئی جس میں خوراک سے متعلق حفاظتی تدابیر اور اپنے آپ کو صاف رکھنے سے متعلق سیشن دئے گئے۔

(جاری ہے)

تربیت میں اشیایے خوردونوش کی جگہ کی صفائی اور حشرات کش ادویات کے استعمال سے متعلق ہدایات بھی دی گئیں۔

عطااللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ اشیائے خوردونوش کے روزگار وبستہ افراد کی تربیت جاری رہیگی اور چند ماہ بعد پشاور کے ہوٹلز میں بغیر تربیت کے افراد کام کرنے کے مجاز نہیں ہونگے۔ تربیت مکمل کرنے والوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس تربیت سے بہت کچھ سیکھا۔ ہوٹل مالکان کا کہنا تھا کہ یہ تربیت ان کیلئے مفید رہی اور وہ اپنے تمام سٹاف کو مرحلہ وار اس تربیت کیلئے مہیا کرینگے۔