طب کا شعبہ میں آنے والے طالبعلموں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ڈاکٹر سید سیف الرحمن

جمعرات مئی 23:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ شعبہ طب انسانی خدمت کا بڑا ذریعہ ہے جبکہ اس شعبہ میں آنے والے طالبعلموں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، میڈیکل کالجز کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ وہ معاشرے کو ایسے ڈاکٹرز مہیا کریں جو فرض شناس اور درد مند دل رکھنے والے ہوں، جو ڈاکٹرز خدمت کے جذبے سے سرشار ہونگے وہی مریضوں کا بہتر علاج کرسکیں گے، یہ بات انہوں نے جمعرات کو کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، میونسپل کمشنر نے کالج کے نئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید محمود حیدر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی، انہوں نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سید محمود حیدر کی طبی شعبہ میں مہارت کے باعث کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج مزید آگے کی جانب سفر کرے گا انہوںنے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند بات ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں تاحال داخلے انتہائی شفاف بنیاد پر اور خالصتاً میرٹ کو سامنے رکھتے ہوئے دیئے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ کالج کے جو بھی مسائل ہیں انہیں حل کرنے کیلئے وہ خود بھی کوشش کریں گے اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو میئر کراچی کے بھی علم میں لائیں گے، انہوںنے کہا کہ تمام شعبوں میں اساتذہ کی کمی کو نہ صرف یہ کہ پورا کیا جائے گا بلکہ انہیں تنخواہ ملنے میں مشکلات کے حوالے سے جو مسائل درکار ہیں انہیں بھی حل کیا جائے گا میونسپل کمشنر نے کہا کہ یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات نہ صرف یہ کہ پاکستان بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں طب کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں انہوںنے کہا کہ ہمیں اداروں کی بہتری اور انہیں مستحکم بنانے کیلئے اجتماعی طور پر اور نیک نیتی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، ادارے جتنے مستحکم ہونگے اس سے وابستہ افراد بھی اتنے ہی مضبوط ہونگے۔

#