17سرکاری اسکیموں میں لاکھوں روپے خوردبرد سے متعلق ریفرنس کی سماعت، گواہ استغاثہ محمد یاسین کا بیان قلم بند

جج رخصت پر سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑودیگر کیخلاف ریفرنس کی سماعت نہ ہوسکی

جمعرات 3 مئی 2018 23:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج منور احمد شاہوانی کے روبرو گڈانی ٹائون میونسپل کمیٹی کے 17سرکاری اسکیموں میں لاکھوں روپے خوردبرد سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران ریفرنس میں نامزد ملزم سابق سب انجینئر محکمہ کنسٹرکشن اینڈ ورکس نوراحمد زہری عدالت کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران گواہ استغاثہ محمد یاسین نے اپنا بیان قلم بند کروادیا ،جس پر وکیل صفائی کلیم اللہ قریش کی جانب سے جرح مکمل کی گئی بعدازاں عدالت نے نیب حکام کو ہدایت کی کہ وہ ریفرنس کے بقایا 2گواہان استغاثہ کو اگلی سماعت پر پیش کرے ۔

(جاری ہے)

ریفرنس کی سماعت کو 15مئی تک کیلئے ملتوی کردیاگیاہے ،دریںاثناء احتساب عدالت کوئٹہ IIکے جج کے رخصت پر ہونے کے باعث سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑودیگر کے خلاف دائر گندم خوردبرد ریفرنس کی سماعت نہ ہوسکی جس کی آئندہ سماعت کیلئے 16مئی کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے ۔