قومی اسمبلی میں قائداعظم یونیورسٹی شعبہ فزکس کا نام ڈاکٹر عبدالسلام سے تبدیل کرکے الخزینی رکھنے کی متفقہقرار داد منظور

قرار داد مسلم لیگ (ن)کے رکن کیپٹن (ر)صفدر نے پیش کی،نواز شریف نے دسمبر2016میں قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کا نام ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب کرنے کی منظور دی تھی

جمعرات 3 مئی 2018 23:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کا نام ڈاکٹر عبدالسلام سے ہٹا کر الخزینی کے نام پر رکھنے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،قرار داد مسلم لیگ (ن)کے رکن کیپٹن (ر) محمدصفدر نے پیش کی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے دسمبر2016میں قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کا نام ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب کرنے کی منظور دی تھی۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن)کے رکن کیپٹن (ر)صفدر نے قرار پیش کی ۔قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان کے ارکان کی متفقہ رائے ہے کہ اسلام جمہوریہ پاکستان جسکی بنیاددوقومی نظریہ پر رکھی گئی اور ایک متفقہ 1973کے آئین سے ریاست پاکستان کا نظام پارلیمنٹ کے زیر نگرانی چلایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس پارلیمان کو اختیار ہے کہ اتفاق رائے سے ملک میں قانون سازی کے عمل کو جاری رکھے۔

پارلیمان کے اراکین جنہوں نے قرار داد پر دستخط کرکے ایک مسئلہ کی طرف توجہ دلائی ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ فزکس کا نام مشہور اور معروف سائنسدان کے نام سے منسوخ کیا جائے اورابوالفتح عبدالرحمان منصور الخزینی (الخزینی ڈیپارٹمنٹ) نیا نام رکھا جائے تاکہ دنیا کو یہ باور کروایا جائے کہ اس شخص نے سب سے پہلے سائنس دان کی دنیا میں اپنے استاد البیرونی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فزکس کی دنیا میں حیرت انگیز کارنامے سرانجام دیئے۔

ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے رائے شماری کے بعد قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دسمبر2016میںاسلام آباد میں قائم قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ طبیعیات کا نام ڈاکٹر عبدالسلام سینٹر آف فزکس رکھنے کی اصولی منظوری دی تھی۔