اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بجٹ پر بحث کے دوران حکومت پر میٹھی میٹھی تنقید کے تیر برساتے رہے

آپ شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم مانیں یا نہ مانیں میں انہیں وزیر اعظم مانتا ہوں ، آپ ناراض ہوں گے کہ نواز شریف کیوں وزیر اعظم نہیں ہیں ، آپ ناراضگی چھوڑیں اور ایوان میں آجائیں،خورشید شاہ شاہد خاقان عباسی اگر خورشید شاہ کے بچپن کے دوست ہیں تو اسوقت وہ پیدا بھی نہیں ہوئے ہوں گے،اسد عمر

جمعرات 3 مئی 2018 23:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بجٹ پر بحث کے دوران حکومت پر میٹھی میٹھی تنقید کے تیر برساتے رہے ،خورشید شاہ نے (ن ) لیگی ارکان کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ آپ شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم مانیں یا نہ مانیں میں انہیں وزیر اعظم مانتا ہوں ، آپ ناراض ہوں گے کہ نواز شریف کیوں وزیر اعظم نہیں ہیں ، آپ ناراضگی چھوڑیں اور ایوان میں آجائیں۔

خورشید شاہ نے شاہد خاقان عباسی کو اپنابچپن کا دوست قرار دیا تو اسد عمر نے کہا کہ آپ کے بچپن میں تو وہ پیدا بھی نہیں ہوئے ہوں گے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بجٹ پر اپنی بحث دوسرے دن مکمل کی تاہم وہ اپنی بحث کے دوران حکومت پر میٹھی میٹھی تنقید بھی کر تے رہے ، خورشید شاہ نے کہا کہ میں نے 30سالہ سیاست میں ایسا حال نہیں دیکھا کہ وزیر اعظم تو ایوان میں موجود ہوں مگر وزاراء موجود نہ ہوں ، جس پر مفتاح اسماعیل نے ایک پھر کہا کہ میں موجود ہوں ، خورشید شاہ نے کہا کہ میں تمہیں غیر آئینی مانتا ہوں ، تم الیکشن جیت کر وزیر بنے تومیں تمہیں خوش آمدیدکہوں گا، خورشید شاہ نے (ن ) لیگی ارکان کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ آپ شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم مانیں یا نہ مانیں میں انہیں وزیر اعظم مانتا ہوں ، آپ ناراض ہوں گے کہ نواز شریف کیوں وزیر اعظم نہیں ہیں ، آپ ناراضگی چھوڑیں اور ایوان میں آجائیں ، ایک موقع پر خورشید شاہ نے وزیر اعظم سے متعلق کہا کہ ہم بچپن کے دوست ہیں جس پر پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر نے کہا کہ آپ کے بچپن میں تو وہ پیدا بھی نہیں ہوئے ہوں گے ، خورشید شاہ نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ تھا کہ آپ شاہد خاقان عباسی کے اتنے حمایتی ہیں ۔