آصف زرداری سے (ن) لیگتحصیل میلسی کے صدر عمران کھچی او اکبر حسن کھچی کی ملاقات ،پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

جمعرات مئی 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے وہاڑی سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) تحصیل میلسی کے صدر محمد عمران کھچی اور سابق بیوروکریٹ اکبر حسن کھچی نے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مخدوم فیصل صالح حیات،، پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر چوہدری منظور اور عامر فدا پراچہ بھی موجود تھے۔

سابق صدر نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کی سوچ رکھنے والوں کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا شخص موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے نالاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ کرکے ان کی پریشانیوں کو کم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کے ہر طبقے، ہر شہری کی مشکلات ختم کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب طبقہ معاشی طور پر خوشحال ہوگا تو آنے والی نسلوں کو بہتر تعلیم دلانے کی پوزیشن میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں عوام پیپلزپارٹی کو ووٹ دے کر اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔