اسلام آباد کو کھیلوں اور ثقافتی سر گرمیوں کا محور بنایا جائے گا، میئر اسلام آباد شیخ انصر

سپورٹس ، کلچر اور ٹورازم ڈائریکٹوریٹ اورایم سی آئی کی تمام کھیلوں کی ٹیموں کو از سرِ نو فعال کیا جائے، نجی شعبے کے اشتراک سے اسلام آباد کے مختلف کھیلوں کے میدانوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر و مرمت کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ، اجلاس سے خطاب

جمعرات 3 مئی 2018 23:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) گرائونڈوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جن سے اسلام آباد کے کھلاڑیوں کو اس طرح سے تیار کیا جائے گا کہ وہ قومی ٹیموں میںنمائندگی کر کے ملک کا نام روشن کریں۔

ایم سی آئی کی تمام کھیلوں کی ٹیموں کو از سرِ نو فعال کیا جائے اور نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو سی ڈی اے کی ٹیموں میں شامل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے ایف نائن پارک میں ایم سی آئی کی مختلف کھیلوں کی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ سپورٹس ، کلچر اور ٹورازم ڈائریکٹوریٹ کو فعال کر کے اسلام آباد کو کھیلوں اور ثقافتی سر گرمیوں کا محور بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس شعبے پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی تاہم ایم سی آئی کے وجود میں آنے کے بعد ایک جامع پلان بنایا گیا جس کے تحت نجی شعبے کے اشتراک سے اسلام آباد کے مختلف کھیلوں کے میدانوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر و مرمت کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔ نجی شعبے کے اشتراک سے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت مختلف گرائونڈوں کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کر کے عوام الناس کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

میئر اسلام آباد نے کہا کہ ایم سی آئی کی ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ان ٹیموں میں نئے کھلاڑیوں کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ تجربے اور نئے ٹیلنٹ کا امتزاج بنا کر ایم سی آئی کی ٹیموں کو نا قابل شکست بنائیں۔انہوں نے ٹیموں کے آفیشلز کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کی پریکٹس کو یقینی بنائیں ۔میئر اسلام آباد کو بتایا گیا کہ اس وقت سپورٹس اینڈ کلچر کی کرکٹ ،فٹبال ،ہاکی ، شوٹنگ بال اور گالف کی ٹیمیں مختلف سپورٹس مقابلوں میں ادارے کی نمائندگی کرتی ہیں ۔

کھیلوں کے میدانوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے میئر اسلام آباد کو بتایا گیا کہ اسلا م آباد میں کرکٹ کے 15 ، ہاکی کے 06 ، فٹبال کے 12 اور16 ملٹی پرپزسپورٹس گرائونڈ کے علاوہ ایک ٹینس کورٹ شامل ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ سی ڈی اے کی تمام ٹیمیں با قاعدگی کے ساتھ نیٹ پریکٹس کرتی ہیں اور ملکی سطح پر ہونے والے ٹورنامنٹس میں بھی شریک ہوتی ہیں تاہم ان ٹیموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے نئے ،نوجوان اور با صلاحیت کھلاڑیوں کی شمولیت نہایت ضروری ہے۔ میئر اسلام آبادشیخ انصر عزیز نے ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ کلچر کو ہدایت کی کہ وہ مختلف کھیلوں میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کے لیے جامع پلان بنائیں جس کی منظوری کے بعد نئے کھلاڑی شامل کئے جائیں گے ۔