پیپلز پارٹی بلوچستان کے زیراہتمام آج ہونے والے جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں

ضلعی انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے ،پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی و دیگر کی پریس کانفرنس

جمعرات 3 مئی 2018 23:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کے زیراہتمام آج ہونے والے جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اورضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے ،جلسہ بلوچستان میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا پیپلز پارٹی کے جیالے اور کارکن بلوچستان بھر سے جلسے میں بھر پور شرکت کریں گے۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹری جنرل سید ا قبال شاہ ،سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ صابر بلوچ ،مرکزی رہنما سید نجمی عالم کے ہمراہ ہاکی گراؤنڈ میں میڈیا کو جلسے کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام آج کوئٹہ کے ہاکی گرانڈو میں جلسہ 3بجے شروع ہوگا جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کرینگے جلسے میں بلوچستان بھر سے پیپلز پارٹی کے جیالوں کے قافلے بھر پور شرکت کریں گے بعض اضلاع کے قافلے جمعرات کی شام کو کوئٹہ پہنچ چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اوردیگر مرکزی قائدین آج کوئٹہ پہنچیں گے اور پیپلز پارٹی بلوچستان کے زیراہتمام ہونے والے جلسے سے خطاب کرینگے جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے پولیس کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کے کارکن بھی سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں 25ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ گراؤنڈ کے باہر بھی عوام کیلئے بلاول بھٹو زرداری کا خطاب سننے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کی جانب سے ایوب اسٹیڈیم میں جلسے کا پروگرام بنایا گیا تھا تاہم پارٹی چیئرمین کے اصرار پر کہ جہاں انکی والدہ محترمہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے 2007ء میں جلسہ کیا تھا اسی جگہ انہوں نے جلسہ کرنا ہے جس پر جلسہ ہاکی گراؤنڈ میں رکھا گیا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں سردارسربلند جوگیزئی نے بتایا کہ جلسہ 3بجے شروع ہوگا جلسے سے پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کرینگے جلسے میں شرکت کیلئے بلوچستان بھر سے کارکن کوئٹہ آئیں گے۔ایک سوال کے جواب میں سردارسربلند جوگیزئی نے بتایا کہ جلسے میں خواتین کیلئے الگ سے جگہ بنائی گئی ہے جہاں خواتین کے علاوہ کسی کارکن کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

صوبائی سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ ،سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ صابر بلوچ ، مرکزی رہنما سید نجمی عالم نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریبوں اور مزدوروں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ مزدوروں اور غریبوں کے مفادات کا خیال کیا ہے پیپلز پارٹی نے اپنے دوراقتدار میں آئین میں ترمیم کرکے اختیارات پارلیمنٹ کو دیئے جبکہ چھوٹے صوبوں کو صوبائی خودمختاری ،این ایف سی ایوارڈ دیا یہی وجہ ہے کہ پاکستان بھر سے لوگ جوق د ر جوق پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوان لیڈر ہیں جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھرسے کامیابی حاصل کریگی۔