اسلام آباد میں صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے‘ عرفان صدیقی

جمعرات مئی 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) قومی تاریخ اور ادبی ورثہ کے لئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے اسلام آباد میں صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آزادی صحافت کے دن اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کرنے والے صحافیوں پر تشدد ہر اعتبار سے ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت آزادی اظہار کے آئینی حق کو ہمیشہ اہمیت دیتی رہی ہے اور آزادانہ صحافت کے فروغ کے لئے ہمیشہ موثرکردار ادا کرتی رہی ہے لیکن آج کے واقعہ نے حکومت کی ان کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ صحافت کی آزادی کو انتظامی جبر سے دبانا کسی بھی آئینی جمہوری ریاست کے لئے قابل فخر نہیں ہوسکتا۔ عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف موثر قانونی کاروائی کی جائے گی۔