پہلا پنجاب فوڈ اتھارٹی آل پاکستان ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ آج سے شروع ہو گا

2 لیولز پر مشتمل ٹورنامنٹ4 مئی سے 7 مئی تک جوہر ٹاون میں کھیلا جائے گا پنجاب کے 36 اضلاع،آرمی،واپڈا،سندھ، کے پی کے،بلوچستان سمیت 200 سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے بہتر غذا کے ساتھ ساتھ صحت مند جسمانی سر گرمیوں کو بھی سپورٹ کر رہے ہیں : ڈی جی فوڈ اتھارٹی ایسی سر گرمیوں کا مقصد کھیلوں کے میدان آباد کرنا اور ہسپتال ویران کرنا ہے ، نورالاامین مینگل

جمعرات مئی 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) پہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی آل پاکستان ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا 4مئی سے باقاعدہ آغازہو گا۔ٹورنامنٹ میں صوبہ بھر کے 36 اضلاع سے 200 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی آل پاکستان ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز4مئی سے ہو گا جس میں صوبہ بھر کے 200 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔

ٹورنامنٹ2 لیولز میں 4 مئی سے 7 مئی تک جوہر ٹاون میں کھیلا جائے گاجس میںایک طرف آل پنجاب جبکہ دوسری جانب آل پاکستان کی سطح پر مقابلے ہوںگے ۔ پاکستان ا ٓرمی،،واپڈا،،،سندھ،، کے پی کے،،بلوچستان کی ٹیمیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیبل ٹینس کے چیمپین عاصم قریشی اور عائشہ شرجیل بھی حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی نورالامین مینگل کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بہتر غذا کے ساتھ ساتھ صحت مند جسمانی سر گرمیوں کو بھی سپورٹ کیا جاتا ہے جن کا مقصد کھیلوں کے میدان آباد اور ہسپتال ویران کرنا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سپورٹس ٹیمز بھی جلد میدان میں آئیں گی۔ آل پاکستان ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمر ملک، ٹورنامنٹ آرگنائزر مامون احمد بھی بریفنگ میں موجود تھے۔ سیکر ٹری ٹیبل ٹینس احمر ملک نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون کے بغیر اتنا بڑا ٹورنامنٹ کروانا ممکن نہیں تھا۔ پاکستان ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے کھیلوں کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر دل سے شکر گزار ہے۔