سپریم کورٹ نے جیو نیوز چینل کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق کیس نمٹا دیا

جمعرات مئی 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے جیو نیوز چینل کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق کیس نمٹاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت ختم ہونے سے قبل پیمرا قانون میں تبدیلی کرنے کاکام مکمل کیا جائے گا ،اگرجیو کو ادائیگیاں نہیں ہورہی تو اس کے لئے عدالت میں درخواست دی جائے۔

(جاری ہے)

جمعرات کوچیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر سینئراینکر حامد میر نے پیش ہوکرعدالت کوآگاہ کیا کہ جیو نیوز کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے بارے میں جیو انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ ہو گیا ہے جس کے تحت 30 اپریل تک 2 لاکھ روپے تک تنخواہیں اداکردی جائیں گی ،،چیف جسٹس نے ان سے کہاکہ شکر ہے کہ آپ بھی منصف بن گئے ہیں، دیکھتے ہیں کہ آپ کیسے منصف بنتے ہیں، سینئرصحافی نے عدالت کومزید بتایا کہ معاہدے کے تحت اگرجیوکے ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوتی ہے توایسی صورت میں انتظامیہ تنخواہوں پر مارک اپ دے گی، چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ اگرجیو کو ادائیگیاں نہیں ہورہی تو اس کے لئے درخواست دیں، تاہم ادائیگیوں سے متعلق معاملہ بنیادی حقوق میں نہیں آتا، سماعت کے دورا ن ایک درخواست گزار نے کہا کہ حکومت کوحکم دیا جائے کہ میڈیا اداروں کو ادائیگیاں کی جائیں ، جس پرچیف جسٹس نے کہاکہ عدالت حکومت کو سنے بغیر کیسے حکم دے سکتی ہے ۔

بعد ازاں عدالت نے معاملہ نمٹادیا۔