پاکستان سپر کبڈی لیگ میں فیصل آباد شیردلز نے اسلام آباد آل سٹارز کو 35-19 سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی

جمعرات مئی 23:40

لاہور۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) پاکستان سپر کبڈی لیگ میں فیصل آباد شیردلز نے اسلام آباد آل سٹارز کو 35-19 سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ کشمیر جانباز نے ملتان سکندرز کو ایک پوائنٹ سے ہرایا۔ جانباز نے آخری لمحات میں پوائنٹ حاصل کرتے ہوئے 31-30 سے فتح پائی۔ تفصیلات کے مطابق سپر کبڈی لیگ کے دوسرے روز کھیلے جانے والے پہلے میچ فیصل آباد شیردلز نے اسلام آباد آل سٹارز کو 19 کے مقابلے میں 35 پوائنٹس سے ہرا دیا۔

(جاری ہے)

ٹیم نے پہلے روز کشمیر جانباز کو شکست دی تھی، اسلام آباد آل سٹارز دونوں میچ ہار چکی، ٹیم کو افتتاحی روز پشاور حیدرز کے ہاتھوں بھی مات ہوئی تھی۔ دوسرے میچ میں کشمیر جانباز نے پہلا میچ کھیلنے والی ملتان سکندرز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک پوائنٹ سے ہرا دیا۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا، میچ ختم ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 30-30 تھی تاہم کشمیر جانباز نے آخری لمحات میں ایک قمیتی پوائنٹ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ کشمیر کی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ ہار گئی تھی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد بھی کبڈی میچ دیکھنے نشتر سپورٹس کمپلیکس پہنچے۔