کھاد کی صنعت کے منافع میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 47 فیصد اضافہ ہوا، ٹاپ لائن سکیورٹیز کی رپورٹ

جمعہ 4 مئی 2018 10:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) سال 2018ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران کھاد کی صنعت کے منافع میں 47 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور صنعت نے جنوری تا مارچ کے دوران 8.252 ارب روپے کا نفع کمایا ہے جبکہ سال 2017ء کے اسی عرصہ کے دوران کھاد تیار کرنے والے کارخانوں کا منافع 5.608 ارب روپے کا نفع کمایا تھا۔

(جاری ہے)

ٹاپ لائن سکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق سال 2018ء کے پہلے تین مہینوں کے دوران یوریا کھاد کی فروخت میں 43 فیصد کے اضافہ سے فروخت کا حجم 1.2 ملین ٹن تک پہنچ گیا جبکہ ڈی اے پی کی فروخت میں بھی 14فیصد کے اضافہ سے فروخت کا حجم 5 لاکھ 17 ہزار ٹن تک بڑھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یوریا کھاد کی فروخت میں اضافہ کا بنیادی سبب کھاد پر دی جانے والی سبسڈی ہے جس سے قیمت 1400 روپے فی بوری تک کم ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کھادوں کی فروخت میں اضافہ کا ایک اور سبب کپاس اور چاول کی قیمتوں میں اضافہ سے کاشتکاروں کی قوت خرید میں ہونے والا اضافہ بھی شامل ہے۔