کشمیرکونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید کا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے والے صحافیوں کی جدوجہد کا خیرمقدم

جمعہ 4 مئی 2018 11:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) کشمیرکونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیرمیں کام کرنے والے صحافیوں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا ہے جو اپنی جان پر کھیل کر اس متنازعہ خطے کی خراب صورتحال خاص طور پر وہاں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرتے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر جاریایک بیان میں علی رضا سید نے کہاکہ ہم ان بہادر اور پیشہ ور کشمیری صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو خطرات کے باوجود عالمی برداری کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں ۔

انھوں نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی حکومت کی طرف سے اظہار رائے کی آزادی پر عائد قدغن خصوصاً پریس کی آزادی پر پابندیوں کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی حکام کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر سنسرشپ معمول بن چکا ہے اور اس کے علاوہ صحافیوں کو ہراساں کیا جاتا ہے اور انہیںجان لیوا حملوں کو نشانہ بنایاجاتاہے۔علی رضا سید نے دنیا کی بااثر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مقامی اور غیرملکی صحافیوں کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کی آزادانہ رپورٹنگ کرنے کی اجازت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی یوم آزادی صحافت پر دنیا کے دیگرخطوں میں کام کرنے والے صحافیوں کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہارکیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کے حقوق اور ان کی سلامتی کو یقینی بنائے۔