Live Updates

خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی عام آدمی کی نظرمیں صفر ہے، سلطان العارفین جدون

جمعہ 4 مئی 2018 12:03

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) خیبر پختونخوا میں تحریک صوبہ ہزارہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سلطان العارفین جدون نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پانچ سالہ حکومتی کارکردگی صوبہ کے عام آدمی کی نظرمیں صفر ہے، پی ٹی آئی کی حکومت صحت، تعلیم، بے روزگاری، مواصلات، بلدیات غرض یہ کہ ہر شعبہ میں ناکام رہی ہے، زبانی جمع تفریق تک ٹھیک رہی ہے، ایک بار پھر عام آدمی کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے لاہور جلسہ میں 11 نکاتی پروگرام میں پسے ہوئے پاکستانی کے مسائل کو نظرانداز کیا گیا، صوبہ میں تمام ادارے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔

وہ جمعہ کو یہاں ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ سے تباہ حال سکولز اور بنیادی صحت مراکز پرکوئی توجہ نہیں دی گئی، بچے کھلے آسمان تلے اپنی تعلیم جاری رکھنے پر مجبور ہیں، صوبائی حکومت جو تبدیلی کا نعرہ لگا رہی تھی اس حکومت نے پھر سابقہ روایات برقرار رکھتے ہوئے ہزارہ کے مسائل پر توجہ دینے کی تکلیف گوارا نہیں کی۔

(جاری ہے)

سلطان العارفین نے کہا کہ عمران خان کے 11 نکات میں جنوبی پنجاب صوبہ کو بھی سیاسی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور اور بے ساکھیوں پر چلنے والی حکومتوں نے کالا باغ ڈیم جیسے قومی مفاد کے منصوبہ کو پس پشت ڈال دیا، اسی طرح جنوبی پنجاب پر ساری جماعتیں سیاست کر رہی ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات