ایبٹ آباد کی خوبصورتی اور عوامی مسائل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، اسحق ذکریا

جمعہ 4 مئی 2018 12:03

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) شہر کی خوبصورتی، عوامی مسائل کا خاتمہ اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا تحصیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کیلئے ایبٹ آباد کی تحصیل حکومت اپنی بھرپور توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے، شہر میں تجاوزات کا خاتمہ مشن ہے جس کیلئے بلا تفریق کاروائیاں جاری رہیں گی، ریڑھی بانوں کو بھی قواعد و ضوابط کی پاسداری کرنا ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحاق ذکریا نے شہر کے ہنگامی دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد سمیت ٹی ایم اے افسران و عملہ بھی تحصیل ناظم کے ہمراہ تھا جبکہ شہر میں جا بجا تجاوزات پر تحصیل ناظم برہم ہو گئے اور عملہ کو تجاوزات خاتمہ کا فوری ٹاسک دیدیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے تحصیل حکومت نے عوام دوست پالیسیاں مرتب کیں جن پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، شہر کی خوبصورتی کی بحالی کیلئے بھی پروگرام مرتب کر دیا گیا جس کے تحت شہر کے تمام چوکوں اور چوراہوں کو خوشنما بنانے کے علاوہ جناح باغ کی تزئین و آرائش اور عیدگاہ کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد شہر میں تجاوزات کے اصل ذمہ دار ریڑھیاں اور تھڑے ہیں جن کیلئے پالیسی مرتب کرتے ہوئے ٹائروں والی ریڑھیاں ختم کر کے خوشنما سٹالز نصب کئے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے شہر کی خوبصورتی دو چند ہو گی۔