وزارت مذہبی امور نے 10 فیصد کے حساب سے دوسری حج قرعہ اندازی کر دی

تین سال یا زائد بار ناکام رہنے والے 12237 اور 80 سال سے زائد عمر کے 4928 درخواست گذار بمعہ معاونین کامیاب قرار، 587 عام درخواست گذار بھی خوش نصیبوں میں شامل سپریم کورٹ سے وزارت مذہبی امور کے حق میں فیصلہ آنے کی صورت میں باقی 17562درخواست گذاروں کی قرعہ اندازی ہوگی ڈالر ریٹ بڑھنے سے اضافی اخراجات حکومت برداشت کرے گی، وقاقی وزیر مذہبی امور

جمعہ 4 مئی 2018 13:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) وزارت مذہبی امور نے 10 فیصد کے حساب سے دوسری حج قرعہ اندازی کر دی ہے جس کے تحت تین سال یا اس سے زائد بار ناکام رہنے والے 12 ہزار 237 درخواست گذاروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے، اسی طرح 80 سال سے زائد عمر کے 4 ہزار 928 درخواست گذاروں کو بمع ان کے معاونین کے کامیاب قرار دیا گیا ہے جبکہ 587 عام درخواست گذار بھی قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب قرار دیئے گئے ہیں۔

سپریم کورٹ سے وزارت مذہبی امور کے حق میں فیصلہ آنے کی صورت میں بقیہ 17 ہزار 562 درخواست گذاروں کی قرعہ اندازی ہوگی۔ جمعہ کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے دوسری حج قرعہ اندازی کے موقع پر کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت پہلی حج قرعہ اندازی میں 87 ہزار 813 عازمین کامیاب قرار دیئے گئے۔

(جاری ہے)

10 فیصد سرکاری سکیم کوٹہ کی قرعہ اندازی کی جا رہی ہے۔

باقی 7 فیصد درخواست گذاروں کی قرعہ اندازی سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہے کیونکہ ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ سے نظرثانی کی درخواست دے رکھی ہے، وزارت مذہبی امور کے حق میں اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ آ گیا تو 11 ہزار 947 عازمین کی مزید قرعہ اندازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے میں 3 سال یا زائد بار ناکام ہونے والے درخواست گذاروں کی درخواستیں 12 ہزار 237 کو کامیاب قرار دیا جا رہا ہے۔

4928 ایسے درخواست گذار ہیں جن کی عمر 80 سال یا اس سے زائد ہے، کو ان کے معاونین کے ہمراہ بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب کیا جا رہا ہے جبکہ بقیہ 587 عازمین کی قرعہ اندازی کی جا رہی ہے۔ 7 فیصد کوٹہ کا فیصلہ اگر وزارت مذہبی امور کے حق میں آیا تو بقیہ 17 ہزار 562 کی قرعہ اندازی بعد میں ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈالر ریٹ بڑھنے سے فی حاجی44 ہزار خرچہ بڑھ گیا ہے مگر یہ حکومت برداشت کرے گی۔

اس سلسلے میں حکومت 4 ارب روپے سے زائد رقم خود ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی قرعہ اندازی کے بعد ناکام رہنے والے بینکوں سے رقوم واپس لے سکتے ہیں۔ جو لوگ رقوم واپس لے لیں گے انہیں اگلی 7 فیصد قرعہ اندازی میں شامل کریں گے۔ بینکوں میں پڑی حج رقم شریعہ اکائونٹس میں ہے، اس لئے اس پر سود کی رقم نہیں لی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ نجی ٹور آپریٹرز کی شکایات 1500 تھی، انہیں نمٹا دیا گیا ہے۔ دو تین دنوں میں نجی ٹور آپریٹرز کی فہرست کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔