کراچی سمیت سندھ بھر سے مزید 182 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کرلیا گیا

فورتھ شیڈول میں شامل کراچی کے افراد کی تعداد 291 جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع کے فورتھ شیڈول میں شامل افرادکی تعداد 310 ہوگئی

جمعہ مئی 15:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) کراچی سمیت سندھ بھر سے مزید 182 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کرلیا گیا ہے۔ نئی فہرست کے مطابق فورتھ شیڈول میں شامل کراچی کے افراد کی تعداد 291 جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع کے فورتھ شیڈول میں شامل افرادکی تعداد 310 ہوگئی ہے۔۔پولیس ذرائع کے مطابق سندھ میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی فہرست پر نظر ثانی کے لیے فورتھ شیڈول کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کی سربراہی میں کراچی میں ہوا جس میں سندھ کے ڈی آئی جیز اور تمام اضلاع کے ایس ایس پیز نے شرکت کی۔

سندھ کے تمام اضلاع کے فورتھ شیڈول کے افراد کی تعداد 278 تھی جس میں سے سو افراد کو گزشتہ اجلاس میں فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں ضلع لاڑکانہ کے 8، قمبر کے 5، شکارپور کے 34 اور جیکب آباد کے 32 افراد کو لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح جامشورو، مٹیاری، دادو، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول سے مجموعی طور پر 53 افراد لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔

فورتھ شیڈول کی سابقہ لسٹ کے مطابق کراچی کے 425 افراد میں سے 184 افراد کو فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔گزشتہ اجلاس میں کراچی کے مزید 50 افراد کو فورتھ شیڈول لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ یوںنئی تعداد 291 ہوگئی ہے جن میں اقوام متحدہ کی پابندی کا شکار کالعدم تنظیموں کے ارکان بھی شامل ہیں جن کی کڑی نگرانی کرنے کے احکامات دئیے جاچکے ہیں۔ ان میں جماعت الدعوی کے 25 عہدیداروں کے نام بھی شامل ہیں۔