حکومت پنجاب کی فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مزید طبی سہولیات میں اضافہ کرنے کیلئے فوری منصوبہ سازی کی ہدایت

جمعہ مئی 15:19

فیصل آباد۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مزید طبی سہولیات میں اضافہ کرنے کیلئے فوری منصوبہ سازی کی ہدایت کی ہے جس کے تحت ایف آئی سی میں امراض قلب کے مریضوں کی سہولت کیلئے ایمرجنسی وارڈکو مزید وسعت دینے اور دیگر مطلوبہ طبی مشینری کے حصول کے سلسلے میںمنصوبہ حکومت پنجاب کو منظوری کیلئے بلاتاخیر بھیجاجا رہا ہے تاہم دستیاب وسائل کو دانشمندانہ انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے اعلیٰ نظم ونسق کے تحت مریضوں کے علاج کی ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے ۔

ہسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی سی میں اعلیٰ معیار کی میڈیکل سروسز اورانتظامی کارکردگی کے باعث دل کے مریضوں کو عمدہ،معیاری اور تیز رفتار طبی سہولتوں کی فراہمی پر عوامی اعتمادکے پیش نظراردگرد کے اضلاع وعلاقوں سے بھی مریض اس ہسپتال کا رخ کرتے ہیں جس کے باعث مریضوں کا رش وسائل سے تجاوز کررہا ہے لہٰذا اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کیلئے طبی سہولتوں میں اضافہ کرنے کی غرض سے منصوبہ سازی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہترین انتظامی حکمت عملی کے تحت ایمرجنسی شعبے کو مزیدباسہولت بنایا جا رہا ہے کیونکہ دل کے مریض ہمیشہ ایمرجنسی کی حالت میں ہی ہسپتال پہنچتے ہیں۔انہوں نے ایف آئی سی میں مریضوں کیلئے ٹائلٹس ،لیبارٹری،ای سی جی روم اور دیگرشعبوں کی کا ر کردگی میں مزید بہتری لانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوںنے بتایا کہ مخیر شخصیات ، صاحب ثروت افراد اور بعض صنعتکاروںکے تعاون سے ہسپتال میں ایمر جنسی وارڈ اور دیگر شعبہ جات کی اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی سی پر مریضوں کا بے حد دبائو ہے تاہم ہر مریض کے علاج پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ کے باہر مریضوں کیلئے سٹریچرکی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور ڈاکٹرز و سٹاف کو ہمہ وقت متحرک رکھا گیا ہے۔