فوج اور فورسز نے جنوبی کشمیر میں تشدد کا بازار گرم کر رکھا ہے ، حریت قائدین

شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ، بیان

جمعہ 4 مئی 2018 15:39

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) حریت قائدین سید علی گیلانی ، ڈاکٹر میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے بھارت کے قابض افواج اور نیم فوجی دستوں کی طرف سے افسپا اور پیلٹ گن کے بے تحاشا استعمال کے نتیجے میں ریاست جموں کشمیر کے اطراف و اکناف میں بالعموم اور ضلع شوپیاں سمیت پورے جنوبی کشمیر میں بالخصوص قتل عام کئے جانے کی کارروائیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بربریت کے ذریعے یہاں کے حریت پسند عوام کے صبرو تحمل کا بار بار امتحان لینے کے لئے مجبور کر رہا ہے ۔

حیدر پورہ سرینگر میں سید علی گیلانی کی رہائشگاہ پر منعقدہ اہم اجلاس میں جموں و کشمیر کی موجودہ خونین صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیئے حریت قائدین نے کہا کہ بھارت بربریت کے ذریعے یہاں کے حریت پسند عوام کے صبر و تحمل کا بار بار امتحان لے رہا ہے قائدین نے شوپیاں میں ایک اور نوجوان طالب علم عمر احمد کمہار کو بھارتی افواج کے ہاتھوں شہید کئے جانے کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پر ان آدھ کھلے پھولوں کی شہادتوں کا قرض ابھی باقی ہے اور اس مقدس تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے سے ہی اس قرض کو اتارا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

قائدین نے کہا کہ پوری قوم شہداء کے مقدس لہو سے رقم ہوئی تحریک حق خودارادیت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی اور نہ ہی ان عظیم قربانیوں کے ساتھ ساتھی کسی کو سودا بازی کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے ۔ ۔