خلائی مخلوق کے الیکشن کروانے کا بیان آئین کاتمسخر اڑانے کے مترادف ہے-ترجمان الیکشن کمیشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ مئی 15:27

خلائی مخلوق کے الیکشن کروانے کا بیان آئین کاتمسخر اڑانے کے مترادف ہے-ترجمان ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 مئی۔2018ء) الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ عام انتخابات 2018 کےلئے مکمل تیار ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابات کوئی خلائی مخلوق کرا رہی ہے اس کی تردید کرتے ہیں ،یہ بیان آئین کی روح اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے خلاف ہے۔آئین کے تحت الیکشن کمیشن آئینی، قانونی ذمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے،اہم منصب پر فائز شخصیات ایسے بیانات سے گریز کریںانہوں نے کہا کہ ایسے بیانات محض قیاس آرائیوں اورمفروضوں پر مبنی ہوتے ہیں اور آئین کے منافی اور آئین کاتمسخر اڑانے کے مترادف ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے گزشتہ روزصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست کے تین ستون ہوتے ہیں جس پرایک ستون نے قبضہ کرلیا ،پوچھنا چاہتا ہوں کہ پارلیمنٹ اور حکومت کی رٹ کہاں ہے ؟ہمارا مقابلہ پیپلزپارٹی یا پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق سے ہے- انہوں نے کہا تھا کہ صحافت کے ساتھ ساتھ ہمارا گلا بھی دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارا مقابلہ پیپلزپارٹی یا پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق سے ہے، خلائی مخلوق اپنی مرضی کی پارلیمنٹ لانے میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیںالیکشن کمیشن آف پاکستان عام انتخابات کا شیڈول مئی کے آخرتک جاری کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ای سی پی کے سینئر حکام نے بتایا کہ الیکشن کا شیڈول 28 یا 29 مئی کو جاری کیا جاسکتا ہے۔ انتخابات کا شیڈول جاری کیے جانے سے ایک ہفتے قبل صدر ممنون حسین ای سی پی سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ انتخابات ایکٹ کے سیکشن 57 (1) کے تحت الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد صدر مملکت انتخابات کی حمتی تاریخ کا اعلان کرتے ہیں جبکہ اس کی ذیلی شق 2 کے تحت اعلان کے 7 دن کے اندر کمیشن نوٹیفکیشن جاری کرے گا اور اپنی ویب سائٹ پر شائع کرے گا جس میں تمام ووٹرز کو اپنے حلقے کے نمائندے کو چننے کا کہا جائے گا۔

ای سی پی حکام نے بتایا کہ حلقہ بندیوں اور الیکٹورل رولز کے حوالے سے کچھ دنوں میں نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 14 (1) کے تحت ای سی پی نے ایکشن پلان تیار کرلیا ہے اور اپنے ٹریک پر ہے۔