جنوبی پنجاب کو محرومیوں سے نجات دلانے کے لئے حکومت فوری توجہ دے ،میاں زاہد حسین

بہاولپور میں ٹورازم اور فوڈ پراسیسنگ کا بہترین پوٹینشل ہے، شہر کی صنعتی اور معاشی ترقی کے لئے حکومت اقدامات کرے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعہ مئی 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ بہاولپور جنوبی پنجاب کے مرکزی شہر کی حیثیت رکھتا ہے جس میں کئی صنعتیں بشمول فرٹیلائزر، چینی، کاٹن، ٹیکسٹائل، کاٹیج انڈسٹریز، فروٹ جوسز، اسٹیل رولنگ اوراسٹیل ری رولنگ سمیت ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی موجود ہیں۔

موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹ تقریباً52ایکڑ پر مشتمل ہے جہاں صنعتوں کے لئے بنیادی ضروریات موجود ہیں۔ شہر کی ترقی کے لئے دوسرے انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی جلد از جلد ضرورت ہے تاکہ شہر میں موجود پوٹینشل کی مکمل استعمال اور شہر کی صنعتی ترقی کے لئے نئی صنعتوں کا قیام ممکن ہوسکے۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا ضلع بہاولپور کا تقریباً دو تہائی حصہ چولستان کے صحرا پر مشتمل ہے جو بھارت کے صحرائے تھرسے منسلک ہے۔

ضلع بہاولپور کی زراعی اجناس میں کپاس، گنا، گندم، سورج مکھی، آم، کھجور، سنگترہ، امرود، پیاز، ٹماٹر، آلو، گوبھی اور گاجر مشہور ہے جو شہر اور اطراف کی ضروریات پورا کرتی ہیں اور ملک کی دیگر منڈیوں میں سپلائی ہوتی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا بہاولپور قالین، ایمبرائیڈری اور مٹی کے برتنوں کے لئے ملک بھر میں مشہور ہے ۔ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی ان اشیاء میں غیر معمولی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے بہاولپور میں کرافٹ ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کیا ہے جہاں سے سیاح بآسانی دستکاری اور دیگر اشیاء کی خریداری کرسکتے ہیں۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بہاولپور کو جدید خطوط پر منظم کرنے کے لئے شہر میں موجود یونیورسٹیا ں صنعتوں کے ساتھ مل کر ریسرچ کریںاور شہر کی صنعتی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔۔سی پیک کے تحت بہاولپور میں 1000میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والا قائداعظم سولر پارک قائم کیا گیا۔ سی پیک کا تیسرا روٹ بہاولپور کوگوادراور اسلام آباد سے منسلک کرے گا جبکہ سی پیک کا وسطی روٹ بھکر اور مشرقی روٹ مانسہرہ سے اس شہر کو منسلک کرے گا جس سے شہر کی پیداوارملکی اور غیر ملکی منڈیوں تک بآسانی رسائی حاصل کرے گی۔

شہر کے بااثر سیاسی افراد بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر شہر کی معاشی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ بہاولپور شہر سی پیک سے خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب کی صنعتی اور معاشی ترقی کے لئے حکومت اقدامات کرے اور ان علاقوں کو محرومی سے نجات دلانے کے لئے نئے ترقیاتی پیکجز فراہم کرے اور بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سفارشات پر عمل درآمد کرے۔

میاں زاہد حسین نے کہا بہاولپور میں ٹورازم انڈسٹری اور فوڈ پراسیسنگ سیکٹر کے لئے بہترین پوٹینشل ہے، حکومت فروٹ پراسیسنگ پلانٹس کو سہولت فراہم کرنے کے لئے جدید ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کرے جو ملکی مصنوعات کی انٹرنیشنل مارکٹس میں رسائی کے لئے ریسرچ ، مارکیٹنگ اور برانڈنگ کی سہولیات مہیا کرے۔