تفتیش کے عمل کو شفاف بناکر ہی انصاف کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ، شعیب دستگیر

پولیس افسران اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر،انصاف کے اصولوں کے مطابق تفتیش مکمل کریں تاکہ کسی کیساتھ زیادتی نہ ہو،کارکردگی میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے پولیس افسران کو مزید کورسز کروائے جائینگے، آئی جی پی آزاد کشمیر

جمعہ 4 مئی 2018 16:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ تفتیش کے عمل کو شفاف بناکر ہی انصاف کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ، پولیس آفیسران اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر،انصاف کے اصولوں کے مطابق تفتیش مکمل کریں تاکہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو، آزادجموں وکشمیر پولیس میں بہترین صلاحیتوں کے حامل آفیسران موجود ہیں ، پولیس آفیسران و اہلکاران کو مزید کورسز کروائے جائیں گے تاکہ پولیس آفیسران کی کارکردگی میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے ۔

اپنا کام نیک نیتی سے کریں ، ہم سب کا ایک ہی کام ہے ،اپنے فرائض کی انجام دہی میں کبھی بھی براداری اور ذات کو بھی خاطر میں نہ لائیں ،تحقیقات میں درست ریکارڈ کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے تا کہ لوگوں کو انصاف مل سکے ۔

(جاری ہے)

کسی بھی واقعہ کی تحقیقات کرنا انتہائی ذمہ داری کا کام ہے ،اگر تحقیقات کا معیار صحیح اور درست سمت میں نہ رکھا جائے تو کبھی عدل قائم نہیں ہو سکتا،تفتیشی آفیسران اپنے فرائض منصبی محنت، لگن ،دیانتداری اور ایمانداری سے سرانجام دیں تو بلاشعبہ عوام کو انصاف کی فراہمی میں مدد مل سکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنر ل پولیس آزادکشمیر شعیب دستگیر نے جمعہ کے روز پولیس ٹریننگ سکو ل مظفرآباد میں کورس برائے تفتیش پولیس ریکارڈکے حوالے سے تقریب تقسیم انعامات و سرٹیفکیٹس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس عرفان مسعود کشفی نے بھی خطاب کیا ۔ کورس میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں2،3اور5ہزار کے نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سپیشل برانچ خالد چوہان ،ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس رینج سردار گلفرار ، پولیس آفیسران ، وکلاء، صحافی اور سول سائٹی کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس آزاد کشمیر شعیب دستگیر نے کہا کہ تحقیقات کرتے وقت انصاف کے اصولوں کو ہر صورت مد نظر رکھا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اپنے کام میں بہتری لائیں ، ادارے میں تبدیلی کا آغاز اور انجام ہم سے لوگوں پر منحصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ ایک مسلسل عمل ہے ، کورس مکمل کرنے کے بعد بھی تربیت کے عمل کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :