گلیوں اور شاہرائوں کی تعمیر سمیت ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی رفتار تیز ،رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے کیا جائے ،سید نیئر رضا

جمعہ 4 مئی 2018 17:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے ضلعی حدود میں بلدیہ کورنگی کے تحت گلیوں اور شاہراہوں کی تعمیر سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور جاری ترقیاتی کاموں کو رمضان المبارک سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو بروقت سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل علاقائی سطح پر بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے ،صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی درستگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون سے پینے کے صاف پانی کی عوام تک باآسانی رسائی اور سیوریج سسٹم کی درستگی کے عمل کو رمضان المبارک سے قبل انجام دیا جائے ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے وائس چیئر مین سید احمر علی کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے مختلف یونین کمیٹیز میں جاری گلیوں اور شاہراہوں کی تعمیر سمیت دیگر علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئر مین وائس چیئر مین اور کونسلرز کے علاوہ بلدیہ کورنگی کے محکماجاتی سربراہان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئر مین سید نیئر رضا نے جاری ترقیاتی امور کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی عمل کی مکمل نگرانی اور اسے وقت مقررہ پر پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے تاکہ عوام کو ترقیاتی عمل کے دوران حائل دشواریوں سے بچا یا جاسکے اس موقع پر انہوںنے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کا خاص خیال رکھا جائے دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے عوام کو یقین دلا یا کہ بلدیہ کورنگی عوام کو بنیادی مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے شب روز کوشاں ہے اس وقت ضلع کورنگی کی تمام یونین کمیٹیز میں علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے چیئر مین سیدنیئر رضا نے عوام کو یقین دلا یا کہ انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے رمضان المبارک سے قبل ضلع کورنگی سے مسائل کا خاتمہ اور صاف ستھرا سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائیگا ۔