ہیٹ اسڑوک کیمپوں کا قیام شدید گرمی کے خاتمے تک جاری رہے گا، جان محمد بلوچ چیئرمین بلدیہ ملیر

جمعہ 4 مئی 2018 17:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے انسانی جان کی بہت اہمیت ہے ، انسانی جان کونقصان سے بچانے کیلئے بلدیہ ملیر میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے فوری طور پر شاہراہوں، بس اسٹاپس اور دیگرمقامات پر ہیٹ اسٹروک کیمپس لگائے گئے ہیں، جس پر عوام کو گرمی سے بچائو کی تمام تر سہولیات میسر کی جارہی ہیں،بلدیہ ملیر انتظامیہ شدید گرمی میں عوام کو ہیٹ ویوز سے بچانے میں مصروف ہے، عوام کی زندگیوں کوگرمی کے نقصان سے بچانے کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے عوام کو شدید گرم موسم میں گرمی سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے تاکہ زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے،محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی پر ہیٹ اسڑوک کیمپوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، کیمپوں کا قیام شدید گرمی کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ بلدیہ ملیر انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس قائدآباد پر لگائے گئے ہیٹ اسٹروک کیمپ پر سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرسی ایم او ڈاکٹر طاہر ملک ، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ ،وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت، میونسپل کمشنر عمران اسلم نے کیمپوں پر عوام کو ٹھنڈے مشروبات پلائے۔

چیئرمین بلدیہ ملیر نے سی ایم اوکو ہدایت دی کہ ہیٹ اسڑوک کیمپ پر او آر ایس ، گلوکوز ،تولیے، ٹھنڈے مشروبات، پینے کا پانی ، ڈاکٹر، پیرامیڈیکل اسٹاف اور میڈیسن کو یقینی بنایا جائے، روزانہ کی بنیاد پر تمام انتظامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔