سلیکشن اور ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا‘نجم سیٹھی

سلیکشن اور کوچنگ ٹیم نے منصوبہ تیار کیا ہے کہ 10سالوں کے لیے نئے گھوڑے تیار کیے جائیں ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8سے بڑھا کر 10کرنے کی تجویزہے،جلد پالیسی بیان جاری کرینگے‘چیئرمین پی سی بی

جمعہ مئی 17:27

سلیکشن اور ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا‘نجم سیٹھی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے واضح کیا ہے کہ وہ سلیکشن اور ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے،ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8سے بڑھا کر 10کرنے کی تجویزہے اور اس سے متعلق جلد پالیسی بیان جاری کریں گے۔ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ سلیکشن اور کوچنگ ٹیم نے 10سال کے لیے منصوبہ تیار کیا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ 10سالوں کے لیے نئے گھوڑے تیار کیے جائیں، میں سلیکشن اور ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، انضمام ایکسپرٹ ہیں اور ان کی سلیکشن پر میں اعتراض نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ باہر بیٹھے لوگوں کو تنقید کا حق ہے، وہ ضرور کریں، اگر وہ نہیں کہیں گے تو ان کی کون سنے گا جب کہ تنقید کرنے والے خود بھی سیلیکٹرز رہے ہیں، سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو تنقید کا حق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8 سے بڑھا کر 10کرنے کی تجویزہے اور اس سے متعلق جلد پالیسی بیان جاری کریں گے۔۔نجم سیٹھی نے کہا کہ فرسٹ کلاس کھلاڑیوں کو اچھا معاوضہ دینے کے لیے ریجنز کو رقم دینے پر غور کر رہے ہیں، بینکوں میں پیسہ رکھنے کے بجائے کھلاڑیوں پر لگائیں گے، ریجن کھلاڑی پیدا کرتے ہیں اور ڈپارٹمنٹ کھلاڑی لے جاتے ہیں، ریجنل کرکٹ،، کھلاڑی پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ہے، قومی ٹیم پچھلے سال ٹیسٹ اور ون ڈے میں بھی نمبر ون رہی۔انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے ساتھ ٹیسٹ میچ تاریخی ہے اور وہ خود یہ میچ دیکھنے جائیں گے۔جبکہ انگلینڈ کی وکٹوں پر موسم کی وجہ سے بیٹنگ مشکل ہوجاتی ہے، وہاں بارشوں موسم ہے، پاکستانی بیٹسمینوں کو انگلینڈ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔