خلائی مخلوق کا توڑ پاکستان کی 20 کروڑ عوام کرینگے ، کسی ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنانا ملکی مفاد میں نہیں‘احسن اقبال

پی ٹی آئی والے ہمیں ووٹ کے ذریعے ہرا نہیں سکتے اس لئے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر عدالتوں کا سہارا لے رہے ہیں عمران خان کی بریت پر حیرت کا اظہار ،تشدد کے مناظر سب نے ٹی وی پر دیکھے، عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کرینگے‘ وزیر داخلہ کی میڈیا سے گفتگو ْ

جمعہ مئی 17:27

خلائی مخلوق کا توڑ پاکستان کی 20 کروڑ عوام کرینگے ، کسی ایک سیاسی جماعت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کا مقابلہ کوئی خلائی مخلوق نہیں کر سکتی، اب 20 کروڑ عوام ہی خلائی مخلوق کا توڑ کرے گی،،پی ٹی آئی والے ہمیں ووٹ کے ذریعے ہرا نہیں سکتے اس لئے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر عدالتوں کا سہارا لے رہے ہیں مگر کسی ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنانا ملکی مفاد میں نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں عدلیہ کا بہت احترام ہے اور کبھی عدلیہ کے خلاف بیان نہیں دیا، میں نے صرف اصولی بات کی پھر بھی ہائی کورٹ نے طلب کیا اور میں حاضر ہوں گا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں پاکستان کی کامیابی آئین کی پاسداری میں ہے، میرے سیاسی حریف ابرارلحق شوق سے سپریم کورٹ بھی چلے جائیں جہاں انہیں پہلے جانا چاہئے تھا وہ ایک بار پھر شرمندہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنانا ملکی مفاد میں نہیں۔مگر پی ٹی آئی کی سوچ ہے کہ وہ ووٹ کے ذریعے ہمیں ہرا نہیں سکتے اس لئے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر عدالتوں کا سہارا لے رہے ہیں، مخالفین کو کہتا ہوں کہ وہ چور دروازے سے نہیں بلکہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ کریں، پاکستانی عوام کا مقابلہ کوئی خلائی مخلوق نہیں کرسکتی اور اب تو 20 کروڑ عوام ہی مخلوق کا توڑ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب حکومت میں آئے تو بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، ہم نے دہشت گردی کو شکست دی اور ملک کی معاشی حالت میں بھی بہتری آئی ہے۔ آج کا پاکستان 2013 کے پاکستان سے بہت بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں جیسی پالیسیاں ہم نے بنائیں کوئی دوسرا ملک نہیں بنا سکتا لیکن ٹی وی پر آنے والے سقراط و بقراط لوگوں کو پاکستان میں سب ستیاناس نظر آتا ہے، ہمارے مخالفین نے لیپ ٹاپ منصوبے کو رشوت کا نام دیا جو غلط ہے، نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنے کے لیے یہ سلسلہ شروع کیا گیا تھا اور اس کی تقسیم میں کسی سیاسی وابستگی کو نہیں دیکھا گیا۔

انہوں نے عمران خان کی بریت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کے مناظر سب نے ٹی وی پر دیکھے، عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کریں گے۔