چین کے سفیر یاو جِنگ نے نمل کی89 مستحق طلبہ و طالبات کو سکالرشپ سکیم کے تحت تعلیم کے حصول کیلئے چیک تقسیم دئیے

چین پاکستان میں تعلیم کی ترویج کاخواہاں ہے، یہ سکالر شپ محض آغاز ہے، اس عمل کو ہر سال جاری رکھا جائے گا، یاو جِنگ

جمعہ 4 مئی 2018 17:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) چین کے سفیر یاو جِنگ نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) کی89 مستحق طلبہ و طالبات کو چینی سفارتخانے کی سکالرشپ سکیم کے تحت تعلیم کے حصول کیلئے چیک تقسیم کیے۔ اس حوالے سے نمل میں منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈئیر محمد ابراہیم، چینی کلچرل قونصلر یو یی، رجسٹرار، ڈائریکٹرز، ڈین، فیکلٹی ممبران اور طلبا کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان میں تعلیم کی ترویج کاخواہاں ہے، یہ سکالر شپ محض آغاز ہے، اس عمل کو ہر سال جاری رکھا جائے گا اور امدادی رقم بھی بڑھائی جائے گی تا کہ زیادہ سے زیادہ طلباء استفادہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نمل چین میں تعلیم اور زبانوں کے لحاظ سے ایک برانڈ بن چکا ہے اور ہر چینی کی خواہش ہے کہ وہ نمل سے تعلیم حاصل کرے۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈئیر محمد ابراہیم نے بھی خطاب کیا اور چینی سفارتخانے کی طرف سے اس عظیم کا وش پر معزز سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :