رمضان ٹرانسمیشن میں سرکس لگتے رہے تو پابندی عائد کر دیں گے

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ریمارکس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 4 مئی 2018 17:39

رمضان ٹرانسمیشن میں سرکس لگتے رہے تو پابندی عائد کر دیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 مئی 2018ء) : اسلام آبار ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دئے کہ اگر رمضان ٹرانسمیشن میں سرکس لگتے رہے تو عین ممکن ہے کہ اس پر پابندی عائد کر دی جائے گی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق میڈیا چینلز پر رمضان ٹرانسمیشن اور مارننگ شوز کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔

سماعت میں وقاص ملک ایڈووکیٹ اور دیگر درخواست گزار عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ اگر رمضان ٹرانسمیشن میں سرکس لگتے رہے اور بے ہودگی ختم نہ ہوئی تو عدالت ان ٹی وی شوز پر پابندی عائد کر دے گی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ مادر پدر آزادی سے ہمارا معاشرہ تباہی کی طرف سے جارہا ہے۔

(جاری ہے)

نہ رمضان کا تقدس ہے نہ کسی اور دن کا، یہاں صرف ویلنٹائن ڈے کا تقدس ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر پیمرا کو ضابطہ اخلاق رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 8 مئی تک ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مارننگ شوز اور رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ۔ عوام کا کہنا ہے کہ مارننگ شوز کا مواد اور رمضان میں گیم شوز سمیت ایسے دیگر شوز ہماری معاشرتی اور اسلامی روایات کو نقصان پہنچا رہے ہیں، تاہم اب اس ضمن میں ایک باقاعدہ ضابطہ اخلاق مرتب کرنے اور رمضان کے تقدس کا خیال رکھنے کے لیےاسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی گئیں جس میں استدعا کی گئی کہ میڈیا چینلزکو ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے اور اس پر عملدرآمد کرنے کا پابند بنایا جائے۔

ان درخواستوں پر پیمرا کو بھی رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔ پیمرا کی رپورٹ کے بعد ہی ہائیکورٹ کی جانب سے اس ضمن میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔