پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی تعلقات منفرد اہمیت کے حامل ہیں‘شیخ علائوالدین

دونوں دوست ممالک کو ٹیکنالوجی میں نئی جدت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تیزی سے ترقی کی راہوں کو استوار کرنا ہوگا‘صوبائی وزیر

جمعہ مئی 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) صوبائی و زیر برائے صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علائوالدین نے گزشتہ روز پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام گولڈ میڈل ایوارڈکی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت پیٹرن چیف پیاف میاں انجم نثار نے کی جبکہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست،پیٹرن چیف پاک ایران چیمبر آف کامرس اعجاز الحق،مسلم لیگ(ن) ٹریڈرز ونگ کے صدر عرفان اقبال شیخ،سابق صدر لاہور چیمبر سہیل کاشاری،نمائندگان کوئٹہ چیمبر آف کامرس،،زاہدان چیمبر آف کامرس،،تہران چیمبر آف کامرس سمیت انڈسٹری سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے تقریب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اسلامی ممالک پاکستان اور ایران کی دوستی لازوال ہے اور پاکستانی مصنوعات کیلئے ایران بہترین مارکیٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کے ذریعے تجارت اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علائوالدین نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو ملکر تجارت کی نئی راہیں ہموار کرنے کے لئے مستقبل میں بھی ایسے ہی ملکر کام کر نے کی ضرورت ہے اور پاکستان کے ہمیشہ سے ہی ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات مستحکم رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کو ٹیکنالوجی میں نئی جدت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تیزی سے ترقی کی راہوں کو استوار کرنا ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری اس ضمن میں منفرد کردار ادا کرنے کی پوری اہلیت رکھتی ہے اور دونوں کو اپنے بے پناہ تجربہ کی بنیاد پر تجارتی تعلقات کو ایک نئی جدت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر مختلف چیمبر ز کے نمائندگان کو منفرد کارکردگی کی بناء پر گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔