آزاد کشمیر کے حالیہ بجٹ میںتاریخ ساز اضافے پر ہم وزیر اعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں ، راجہ محمد فاروق حیدر خان

موجودہ بجٹ میں اضافے کا کریڈٹ کابینہ اور سیکرٹریز کو جاتا ہے جنہوں نے ترقیاتی اہداف پورے کیے اور فنڈز کا موثر استعمال کیا جن محکمہ جات نے فنڈز خرچ نہیں کیے وہ رواں مالی سال کے باقی دو ماہ میں اپنے اہداف کی تکمیل کو یقینی بنائیں ، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر

جمعہ 4 مئی 2018 20:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے حالیہ بجٹ میںتاریخ ساز اضافے پر ہم وزیر اعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔موجودہ بجٹ میں اضافے کا کریڈٹ کابینہ اور سیکرٹریز کو جاتا ہے جنہوں نے ترقیاتی اہداف پورے کیے اور فنڈز کا موثر استعمال کیا جن محکمہ جات نے فنڈز خرچ نہیں کیے وہ رواں مالی سال کے باقی دو ماہ میں اپنے اہداف کی تکمیل کو یقینی بنائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مالی سال 2017-18کی تیسری سہ ماہی کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزیر برقیات راجہ نثار احمد خان ،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز ،وزیر خزانہ و صحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی ،وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ،وزیر صنعت محترمہ نورین عارف ،وزیر اطلاعات و سیاحت مشتاق احمد منہاس ،وزیر تعلیم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی ،وزیر مال فاروق سکندر ،وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ ،وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید،وزیر اوقاف راجہ عبدالقیوم خان ،وزیر لوکل گورنمنٹ راجہ نصیر احمد خان ،وزیر قانون و پارلیمانی امور چوہدری جاوید اختر ،وزیر سول ڈیفنس چوہدری مسعود خالد ،وزیر زکوة و عشر چوہدری محمد یاسین گلشن ،وزیر ایس ڈی ایم اے احمد رضا قادری،وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق ،وزیر منصوبہ بندی و ترقیات وقار احمد نور ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ،سیکرٹری مالیات ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سمیت متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے غیر ترقیاتی بجٹ میںبھی اضافہ کیا ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ میں بھی مناسب اضافہ کیا گیا ہے۔بجٹ میں یہ اضافے کی واحد وجہ حکومت آزاد کشمیر کے ترقیاتی اہداف کا کامیاب حصول ہے ۔ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول کی اولین ذمہ داری وزراء حکومت پر ہے ، وزراء کا کام صرف سیاسی امور کا حل ہی نہیں بلکہ انتظامی معاملات کی گتھی سلجھانہ بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ وسائل کے تصرف دوران معیاری کام کو اولین ترجیح دینا ہوگی ۔ ترقیاتی کاموں کی تشہیر بھی ضروری ہے وزراء حکومت ترقیاتی کاموںکو میڈیا پر لائیں ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے انفراسٹرکچر کی ترقی پر بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ روڈ انفراسٹرکچر کو مستحکم کرنے کے لیے ٹول ٹیکس لگانے کی تجویز زیر غور ہے ۔

انفراسٹرکچر کی تعمیر میں محکمہ لوکل گورنمنٹ ،ورکس ،مواصلات کا اہم کردار ہے ۔ وزیر لوکل گورنمنٹ منصوبوں کوکٹ سے بچانے کے لیے ایک سالہ اور دوسالہ پروگرام مرتب کریں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین نے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور کابینہ کے ممبران کو 20اپریل 2018تک محکمہ جات کے مالی اہداف کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی،جو وزیر اعظم نے محکمہ جات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو موثر اور معیاری کام کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ صاف پانی ، تعلیم اور صحت کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے انہوں نے کوٹلی اور دیگر اضلاع میںمضر صحت پانی کی فراہمی پر نوٹس لیتے ہوئے شفاف پانی کی فراہمی کے لیے احکامات بھی دیے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کے تمام بڑے شہروں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے سابق حکومتوں کی غلط پالیسی کے باعث بیشتر شہروں میں واٹر سپلائی سکیمز مکمل ہو چکی ہیں مگر پانی کا ذریعہ ہی نہیں وزیراعظم نے واٹر سپلائی سکیم برنالہ میں مبینہ طور پر بدعنوانی اور بغیر منصوبہ بندی کام شروع کروانے پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات کو انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بغیر منصوبہ بندی اور ناقص انجینئرنگ کے منصوبہ جات شروع کروانے والے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں کے ضیاع کے جرم میں ملوث ہیں ان افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔