ضلع کے حساس علاقوں میں سرچ آپریشن

مطلوب اشتہاریوں سمیت 75مشتبہ افرادگرفتار۔کوہاٹ پولیس

جمعہ 4 مئی 2018 20:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) کوہاٹ کے حساس علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کے دوران مطلوب اشتہاریوں سمیت 75مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔بیک وقت شہر کے چارمختلف مقامات پر جاری سرچ آپریشن کی کاروائی ڈسٹرکٹ جیل اور مختلف تعلیمی اداروںکے اطراف کے علاوہ جنگل خیل اور ملحقہ افغان پناہ گزین کیمپوں کی آبادی میں عمل میں لائی گئی ہے۔

زیر حراست افراد میں20افغان باشندے بھی شامل ہیں۔تلاشی آپریشن کے دوران پولیس نے بڑی تعداد میںملکی وغیر ملکی اسلحہ اور منشیات برآمد کرکے قبضے میں لئے ہیں۔سرچ آپریشن کی کاروائی میں پکڑا جانیوالابعض اسلحہ زیر زمین چھپایا گیا تھا۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے موجودہ حالات کے پیش نظرشہر میں امن وامان برقرار رکھنے اور مجرمانہ سرگرمیوںمیں ملوث سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس کو ضلع بھر میں بھر پور اور مئوثر کریک ڈائون عمل میں لانے کے جو احکامات جاری کئے ہیں انہیں احکامات کی روشنی میں ایس پی آپریشنز کوہاٹ جمیل اختر کی زیر نگرانی پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے جمعةالمبارک کی علی الصبح گائوں جنگل خیل اور اس سے متصل گھمکول کے تین افغان پناہ گزین کیمپوں کی آبادی کا محاصرہ کرتے ہوئے مطلوب اشتہاریوں کے گھروں اور ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے اورٹارگٹڈ مقامات پرتلاشی آپریشن کا انعقاد کیا ۔

(جاری ہے)

جنگل خیل اور ملحقہ افغان کیمپوں میں منعقدہ سرچ آپریشن میں پولیس نے اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم عمران سمیت 75مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن میں 20افغان باشندے بھی شامل ہیں۔تلاشی آپریشن میں پولیس نے تین کلاشنکوف،دو رائفل،سات پستول،سینکڑوں کارتوس اور 750گرام چرس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔آپریشن میںپکڑا گیا بعض اسلحہ ایک مکان میں زیر زمین چھپایا گیا تھا جسے برآمد کرکے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

بیک وقت چار مختلف مقامات پر جاری سرچ آپریشن کے تسلسل میں پولیس نے ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ،کیڈٹ کالج ،گیریژن کیڈٹ کالج اورجامعہ کوہاٹ کے اطراف کے علاوہ جرمااور ڈھوڈہ روڈ پر واقع حساس علاقوں کی آبادی کے اچانک محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران 25مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو کلاشنکوف،دو پستول اور درجنوں کارتوس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔

ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان،ڈی ایس پی صدر ظاہر شاہ ،ایس ایچ او جنگل خیل محمد اقبال،ایس ایچ او تھانہ محمدریاض شہید اسلام الدین اور ایس ایچ او جرما وقاراحمد کی قیادت میں پولیس کی الگ الگ ٹیموں نے سرچ آپریشن کی کاروائی میں اسلحہ و منشیات سمیت گرفتار تمام ملزمان اور مشتبہ افراد کو مکمل چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کردیا ہے جہاںان سے پوچھ گچھ جاری ہیں۔شہر کے حساس علاقوں میں بیک وقت بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن پانچ گھنٹے تک مسلسل جاری رہا جسمیںپولیس اور ایلیٹ فورس کے آپریشنل دستوں کو بم ڈسپوزل سکواڈ،خواتین پولیس،سراغ رساں کتوں، حساس ادارے کے اہلکاروں اور بھاری ہتھیاروں سے لیس بکتر بند گاڑیوںکی مدد بھی حاصل رہی۔