بدقسمتی سے صوبے کے عوام کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا،رابعہ ضیاء

اے این پی پختونوں کے حقوق کا تحفظ کرنے والی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے دور حکومت میں تعلیم ، صحت سمیت تمام شعبوں میں انقلابی اصلاحات کے ساتھ صوبے اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ، رہنما عوامی نیشنل پارٹی

جمعہ 4 مئی 2018 20:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما رابعہ ستار ضیاء نے کہا ہے کہ اے این پی پختونوں کے حقوق کا تحفظ کرنے والی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے دور حکومت میں تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں انقلابی اصلاحات کے ساتھ ساتھ صوبے اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑی اور صوبے کو اس کی شناخت سے نوازا ، ایک نجی اخبار کو اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا اور بد قسمتی سے عوام کے پانچ سال ضائع کر دیئے گئے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں ایک فیصد بھی ترقی دیکھنے میں نہیں آئی اس کے برعکس تاریخ اٹھا کر دیکھا جائے تو جو ترقیاتی کام اے این پی کے پانچ سالہ دور اقتدار میں ہوئے وہ صوبے کی 70سالہ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے ، رابعہ ضیا نے کہا کہ اس وقت صوبے میں جتنے بڑے تعلیمی ادارے قائم ہیں وہ سب اے این پی کے دور میں تعمیر ہوئے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی پختونوں کے نام پر نہیں بلکہ پختونوں کیلئے سیاست کرتی ہے اور ہمیشہ ان کے حقوق کیلئے میدان میں ڈٹی رہی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم پختونوں کی تباہی کا منصوبہ تھا اور اے این پی نے قوم کو تباہی سے بچانے کیلئے اس کے خلاف جدوجہد کی جس میں وہ کامیاب ہوئی اور کالاباغ ڈیم ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ بجلی منافع کی رقم مرکز سے حاصل کرنے کا سہرا اے این پی کے سر ہے جبکہ موجودہ حکومت صوبے کے حقوق تک مرکز سے حاصل میں ناکام رہی ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صرف سوشل میڈیا کی حد تک محدود ہے اور ان کے تمام کارنامے حقیقت کی بجائے سوشل میڈیا پر نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام اسفندیار ولی خان کی قیادت میں سرخ جھنڈے تلے متحد ہیں اور آنے والا دور ایک بار پھر اے این پی کا ہوگا۔