کلر سیداں میںنالہ کانسی پر تعمیر ہونے والا پل محکمہ کی عدم توجہ کے باعث خستہ حالی کا شکار

جمعہ 4 مئی 2018 20:08

کلر سیداں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) کلر سیداں نالہ کانسی پر تعمیر ہونے والا پل محکمہ کی عدم توجہگی کے باعث خستہ حالی کا شکار ہو گیا۔پل کو سپورٹ دینے کیلئے تعمیر کئے گئے پلرز کھوکھلے ہوجا نے کے باعث ان کے سریے سامنے نظر آنا شروع ہو گئے ہیں جو کسی بھی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتے ہیں۔26 برس قبل اس وقت کے وفاقی وزیر اعجاز الحق نے 95 لاکھ روپے کی گرانٹ سے پل تعمیر کروایا تھاجو اب شکست و ریخت کی تصویر بناہوا ہے۔

17 کے قریب پلرز ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں اور ان پر اگر فوری طور پر توجہ نہ دی گئی تو پل زمین بوس بھی ہو سکتا ہے۔ دو برس قبل ڈائریکٹر برجزنے پل کا معائنہ کیا اور پل کی مرمتی پر اٹھنے والے اخراجات کا تخمینہ لگا کر اس کی فوری مرمتی کی یقین دہانی کروائی تھی جس پر آج تک عملدرآمد ممکن نہ ہو سکا جبکہ محکمہ ہائی وے نے پل پر بھاری ٹریفک کے استعمال پر پابندی کا بورڈ نصب کر کے اپنی ذمہ داریاں پوری کر دیں۔

(جاری ہے)

عوامی حلقوں نے ڈائریکٹر برجز کی جانب سے مبینہ طور پر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور ڈائریکٹر برجز کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے قبل ہی پل کو کسی بڑے سانحہ سے محفوظ کر لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :