محنتی ،قابل اور فرض شناس افسران واہلکارمحکمے کا فخر ہیں‘آئی جی پنجاب

جمعہ 4 مئی 2018 20:15

محنتی ،قابل اور فرض شناس افسران واہلکارمحکمے کا فخر ہیں‘آئی جی پنجاب
لاہور۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ محنتی ،قابل اور فرض شناس افسران واہلکارمحکمے کا فخر ہیں جنہوں نے بروقت اورموثر کاروائیوںکی بدولت نہ صرف عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا بلکہ فورس کے دیگر اہلکاروں کیلئے روشن مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس میں سزا و جزاکے عمل کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ، فرائض میں غفلت اور لاپرواہی پرجہاں احتساب اور سزاؤں کا نظام موجود ہے وہیں چوروں، ڈاکوؤں اور سماج دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افسران واہلکاروں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ، پنجاب اظہر حمید کھوکھر،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر شہزادہ سلطان ، ڈی آئی جی آپریشنز سجاد حسن منج ، ڈی آئی جی ویلفیئر احمد اسحاق جہانگیراور اے آئی جی آپریشنز عمران محمود سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

تقریب میںڈی آئی جی آر اینڈ ڈی احمد اسحاق جہانگیر،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر شہزادہ سلطان ، اے آئی جی آپریشن عمران محمود ،ایس پی لیگل قمر الزمان اور عبدالحمید بھٹی کو2002کے پولیس آرڈر کی روشنی میں پولیس رولز کا مسودہ تیار کرنے پر تعریفی اسناد سے نواز اگیا جبکہ شیخوپورہ ، ساہیوال ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، خوشاب ، راولپنڈی ، فیصل آباد، منڈی بہائو الدین اور رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے 89افسران واہلکاروں کودوران ڈیوٹی فرض شناسی اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر تعریفی سرٹیفیکیٹس اور34لاکھ ,25ہزار روپے کے کیش انعامات بھی دیئے گئے ۔

تقریب میں آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے افسر وں اور اہلکار وں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کو آپ پر فخر ہے کہ آپ نے دوران ڈیوٹی جس طرح سماج دشمن عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کام کیا وہ پولیس فورس کے دیگر ممبران کے لئے بھی قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی فرض شناسی، ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کوشاں رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاندار کارکردگی پر محکمہ پولیس میں افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی روایت انتہائی شاندا ر ہے اور دسمبر2014سے لے کر اب تک 1070افسران واہلکاروں کو 9کروڑ سے زائد رقم بطور انعام بمعہ سرٹیفیکیٹس دیے جاچکے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس پیشہ ور اور منظم فورس ہے جس کی کارکردگی میں حالیہ برسوں میں قابل ذکر بہتری آئی ہے اور دوران ڈیوٹی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات فورس کے مورال میں اضافے کا باعث بنتی ہیں اس لئے مستقبل میں بھی مرکزی اور ضلعی سطح پر ایسی تقاریب کا انعقاد تواتر سے جاری رہے گا جبکہ بددیانت، کام چور اور نالائق افسروں اور اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :