محکمہ سیاحت کا واٹر سپورٹس سامان لیز پر دینے کافیصلہ

دو فیری بوٹس ، 1سپیڈ بوٹ ، 3 واٹر سکوٹر، 4 پیڈل سائیکلز اور 1 ربر بوٹ قانون کے مطابق لیز پر دی جائی گی

جمعہ 4 مئی 2018 21:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے صوبہ کے مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحت اور ساتھ ہی واٹر سپورٹس ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کیلئے مختلف واٹر سپورٹس سامان لیز پر دینے کافیصلہ کیا ہے تاکہ پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ شامل کر کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کیلئے تفریحی سہولیات فراہم کی جاسکیں، اس بات کافیصلہ سیکرٹری محکمہ سیاحت ، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم و امور نوجوانان محمد طارق کی زیرصدارت اجلاس میں ہوا جس میں منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمدخان، جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹیز سجاد حمید، انچارج مارکیٹنگ حسینہ شوکت اور دیگرموجود تھے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں قدرت کے حسین مناظر، دریا اور دیگر سیاحتی مقامات موجود ہیں جہاں پر واٹر سپورٹس سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا سکتا ہے جس میں پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ شامل کیا جائے گا، لہٰذا محکمہ سیاحت کے پاس موجود دو فیری بوٹس (یوسف خان اور شیر بانو) ، ایک سپیڈ بوٹ ، 3 واٹر سکوٹر، 4 پیڈل سائیکلز اور 1 ربر بوٹ کو لیز پر دیا جائے گا تاکہ صوبہ کے سیاحتی مقامات جن میں خانپور ڈیم، سجھی کوٹ ، کوہاٹ ڈیم، ڈی آئی خان، سوات، کالام ، ناران سمیت مختلف مقامات ہیں جہاں پر واٹر سپورٹس سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاسکتا ہے ان واٹر سپورٹس سامان کو لیز پر دیا جائے تاکہ پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے سیاحوں کیلئے ایڈونچر اور واٹر سپورٹس سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے ، ان اشیاء کی لیز سے متعلق تمام معلو مات ٹورازم کارپوریشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں ۔