کشمیری و پاکستانی تارکین وطن نے اپنی محنت کے بل پر برطانیہ میں سیاسی و سماجی طور پر بلند مقام حاصل کیا ، سردار مسعود خان

تارکین وطن کمیونٹی ہمارے لئے قیمتی اثاثہ ہیں،بھارت کا مسئلہ کشمیر کو دوطرفہ ظاہر کرنا درست نہیں ہے ،کشمیری اس کے بنیادی فریق مذاکرات سے باہر نہیں رکھا جا سکتا ،صدر آزاد کشمیر

جمعہ 4 مئی 2018 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن نے اپنی شب و روز محنت کے بل بوتے پر برطانیہ میں سیاسی و سماجی طور پر بلند مقام حاصل کیا ہے اور تارکین وطن کمیونٹی ہمارے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔صدر آزادجموں وکشمیر نے ان خیالات کا اظہار لیبر پارٹی کے کونسلر وحید اکبر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو ایوان صدر اسلام آباد میں میں صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات کی۔

صدر آزادجموں وکشمیر نے کونسلر وحید اکبر کو خوش آمدید کہا اور لٹن سے منتخب پارلیمانی اراکین مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل کر نے اور تارکین وطن کمیونٹی کو متحد کرنے کے سلسلے میں ان کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں آزادکشمیر اور پاکستان سے تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد آباد ہے ، جنہوں نے اس ملک میں اپنی محنت سے سیاسی و سماجی طور پر عزت و وقار کے کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے ۔

انہوں نے تارکین وطن کو پیشہ وارانہ کامیابی کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پچھلے 70سالوں سے حل طلب چلا آرہا ہے جو تقسیم بر صغیر کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس تقسیم کو تسلیم نہیں کیا اور وہ اس کی سزااپنی طاقت کے بے جا استعمال سے ظاہر و بربریت کی صورت میں معصوم کشمیریوں کو دے رہا ہے جو غیر مسلح اور پرامن طور پر جدوجہد آزادی کے تحت اپنا حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں۔

صدر مسعود خان نے اس ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھارت کے اس پروپیگنڈے کو جدید ذرائع ابلاغ کے استعمال کے ذریعے عالمی سطح پر بے نقاب کرنا ہو گا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی خوفناک خلاف ورزیوں سے دنیا کو آگاہ کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو دوطرفہ مسئلہ ظاہر کر رہا ہے جو کسی طور پر درست نہ ہے یہ دوطرفہ مسئلہ نہیں ہے کیونکہ کشمیری اس کے بنیادی فریق ہیں جنہیں مذاکرات سے باہر نہیں رکھا جا سکتا ۔

صدر نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کئے جانے کے لئے تارکین وطن کمیونٹی کو متحد ہو کر کوشش کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ برطانیہ کے دوران تارکین وطن کمیونٹی کی جانب سے متفقہ موقف اپناتے ہوئے احتجاج کرنے پر ان کی تعریف کی۔ کونسلر وحید اکبر نے صدر کو کشمیر کے لوگوں کی آواز کو بین الاقوامی دنیا تک پہنچانے کے لئے تارکین وطن کمیونٹی کو مزید متحرک کئے جانے کی تعین دہانی کرائی۔ کونسل وحید اکبر لٹن کے لیگر یو وارڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔