ڈیرہ میں چیک پوسٹوں پر دستی بم حملوں کی تفتیش باریک بینی اور جدید خطوط پر جاری ہے ، محمد کریم خان

عسکریت پسندی کیخلاف ہراول دستہ ہونے کے باعث پولیس ملک دشمن عناصر کے نشانہ پر ہے، ڈیرہ پولیس کا مورال بلند ہے، آر پی او ڈیرہ

جمعہ 4 مئی 2018 20:45

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ محمد کریم خان نے کہا ہے کہ ڈیرہ میں چیک پوسٹوں پر دستی بم حملوں کی تفتیش باریک بینی اور جدید خطوط پر جاری ہے جس سے اعلی حکام کو مسلسل آگاہ کیا جارہا ہے چونکہ عسکریت پسندی کے خلاف پولیس ہرآول دستے کا کردار ادا کررہی جس کی وجہ سے ملک دشمن عناصر کے نشانہ پر فورسز ہیں مگر ڈیرہ پولیس کا مورال بلند ہے ۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے رویہ کی بہتری سے متعلق واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کسی کو یونیفارم کی آڑ میں ذاتی مخاصمت نکالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی عدلیہ بھی عوامی دادرسی کے معاملات کو ترجیح دے رہی ہے اگر کسی کے خلاف غلط ایف آئی آر کااندراج ہوتا ہے تو مجھے بتایا جائے ہم اس کا ازالہ کریں گے کسی شہری سے زیادتی نہیں ہونے دینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس سے متعلق شکایات کے حوالے سے 03493775077ایس ایم ایس سروس فعال ہے جہاں میں خود روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 10 سے 15 شکایتی پیغامات وصول کرتا ہوں انکا پرنٹ نکال کر متعلقہ حکام کو اسکے ازالہ کے لیئے بھجوادیا جاتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سے متعلق شکایات اس لیئے بھی زیادہ کی جاتی ہیں کہ اس شعبہ کاتعلق دہشت گردوں سے تفتیش سے متعلق ہے اور جوعناصر دہشت گردوں کی پشت پناہی کرتے ہیں وہ ان کے خلاف پروپیگنڈہ بھی کرتے ہیں اگرچہ سی ٹی ڈی مقامی آر پی او کے ماتحت نہیں ہے مگر پھر بھی انکے حکام سے ہمارا برابر رابطہ رہتا ہے اگر انکی کسی زیادتی کے ٹھوس شواہد ہوں تو میں اس ضمن میں دادرسی کے لیئے کردار ادا کرونگا ۔

انہوں نے کہا کہ قیام امن سے متعلق تمام اداروں کے درمیاں مکمل رابطہ ہے معلومات کا تبادلہ کیا جاتا ہے اور آپریشنل معاملات میں سب آن بورڈ ہوتے ہیں ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نفری کی کمی سے متعلق سوال کے جواب میں ریجنل پولیس آفیسر محمد کریم خان نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ڈیرہ کی آبادی میں اضافہ ہوا ۔ پھر آئی ڈی پیز کی بڑی تعداد کی یہاں آمد سے مزید آبادی بڑھ گئی مگر پولیس فورس کے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا اس ضمن میں محکمانہ سطح پر حکمت عملی تیار کی جارہی ہے آئی جی صلاح الدین محسود اس معاملہ میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں تاہم فوری طور پر ہم نے فرنٹیئر ریزرو پولیس طلب کی ہے جبکہ سپیشل پولیس فورس کے 500 جوان ڈیرہ اور 209 جوان ٹانک کے لیئے طلب کئے جارہے ہیں جو جلد ہی آئی جی پولیس کی جانب سے ہمیں مہیا کردیئے جائیں گے اسی طرح رائیڈنگ سکواڈ کے لیئے 22 موٹر سائیکل ڈیرہ اور 6 ٹانک پولیس کو فراہم کئے جائیں گے اور حکمت عملی یہ طے کی گئی ہے کہ آدھے اہلکار یونیفارم کے ساتھ اور آدھے بغیر یونیفارم کے گشت کریں گے انہوں نے کہا کہ سماجی جرائم کا خاتمہ پولیس کے فرائض منصبی میں شامل ہے جس پر پولیس اہلکاروں کو سخت ترین کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں منشیات جوئے اور قحبہ خانی کے اڈوں پر سخت ترین ایکشن لیا جائے پولیس اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ جس شخص سے منشیات پکڑیں اس سے تفتیش کریں کہ یہ اس نے خریدی کس سے ہے اور پھر اس فروخت کنندہ کے خلاف ایکشن لیا جائے ۔

ہوائی فائرنگ سے متعلق تمام ایس ایچ اوز کو واضح ہدایات دی گئی ہیں علاقہ میں ہونے والی کسی بھی شادی کی تقریب میں شادی والے گھر کو ہوائی فائرنگ سے متعلق تنبیہ نوٹس ایک دن پہلے پہنچانا ایس ایچ او کی ذمہ داری ہے جس ایس ایچ او نے نوٹس نہ پہنچایا اس ایس ایچ او کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی اور تفتیش کے نظام سے مطمئن ہوں ڈیرہ پولیس نے تقریبا ہرواردات کی تفتیش کرکے ملزمان کو بینقاب کیا تاہم پراسیکیوشن میں مسائل ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان کی ٹریفک کے مسائل میری نظر میں ہیں اس حوالے سے خصوصی کمیٹی قائم کی ہے جو ڈیرہ میں ٹریفک سے متعلق مسائل کے حوالے سے جامع رپورٹ تمام زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر تیار کرے گی جس کے بعد اس معاملہ میں بہتری آجائے گی۔