آئمہ مساجد اپنے علاقوں میں نماز استسقاء کا اہتمام کریں ،مفتی محمدنعیم

بجلی وپانی کے بحران سے دو چا ر عوام گرمی کی شدت میں باران رحمت سے محروم ہے ،مہتمم جامعہ بنوریہ

جمعہ 4 مئی 2018 22:31

آئمہ مساجد اپنے علاقوں میں نماز استسقاء کا اہتمام کریں ،مفتی محمدنعیم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) معروف مذہبی اسکالرو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ سندھ بھر بالخصوص شہر قائد میں بارش کیلئے نماز استسقاء کا اہتمام کیاجائے ، گرمی کی شدت اعمال کا محاسبے کی دعوت دیتی ہے،پانی وبجلی کے بحران سے دوچارعوام شدت گرمی میں باران رحمت سے محروم ہیں ،عوام الناس توبہ واستغفار ،رجوع اور انابت کریں اور صدقہ و خیرات کا اہتمام کریں۔

(جاری ہے)

جمعے کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پانچ اعمال کوپانچ خرابیوں کا ذریعہ بتایاہے ،کوئی قوم وعدہ خلافی کرتی ہے تو اللہ تعالی ان پر ان کے دشمن مسلط کردیتے ہیں، لوگ اللہ کے احکامات سے ہٹ کر فیصلہ کرتے ہیں ان پر فقر نازل ہوجاتاہے،جس قوم میں بے حیائی پھیل جاتی ہے ان پر ناگہانی موت کی آفت آتی ہے ، ناپ تول میں کمی کرتے ہیں ان کی پیداوار روک لی جاتی اور ان پر قحط سالی بھیج دی جاتی ہے،جو لوگ زکوة روک لیتے ہیںان سے بارش روک لی جاتی ہے،انہوںنے کہاکہ حدیث کے مطابق جیسے اعمال ہوں گے ایسے ہی حکمران مسلط کیے جاتے ہیں ،شدت گرمی میں بجلی سے محروم عوام مررہے ہیں لیکن ہمارے حکمرانوں کو ئی پرواہ ہی نہیں ، بارشوں کا نہ ہونا اور جان لیوا گرمی کا آنا اعمال کے محاسبے کی دعوت دیتے ہیں ہمیں اللہ تعالی کی ناراضی کے کاموں سے بچنے کا درس دیتے ہیں، اللہ کے حضور عاجزی وانکساری سے گڑگڑاتے ہوئے بارش طلب کی جائے تاکہ بحرانوں سے نجات حاصل ہوسکے ، مفتی محمدنعیم نے اپیل کی ہے ائمہ مساجد اپنے علاقوں میں نماز استقاء کا اہتمام کریں۔