عوامی تحریک کا ضلع، تحصیل کی سطح پر سوشل میڈیا تنظیمی نیٹ ورک قائم کرنیکا فیصلہ

پاکستان عوامی تحریک کے آئین میں سوشل میڈیا سیکرٹری کا نیا عہدہ شامل کردیا گیا

جمعہ 4 مئی 2018 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پاکستان عوامی تحریک سوشل میڈیا سیل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے آئین میں سوشل میڈیا سیکرٹری کا نیا عہدہ شامل کردیا گیا ہے ۔ اجلاس میں سوشل میڈیا گروپ ہیڈ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سوشل میڈیا ہیڈ فرخ شہزاد، جی ایم ملک، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس، چودھری فیاض وڑائچ،عبدالستارمنہاجین، محمد ثناء اللہ نے شرکت کی۔

فرخ شہزاد نے سوشل میڈیا کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی، سوشل میڈیا ہیڈ فرخ شہزاد نے تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین سے خصوصی ملاقات کی اور سوشل میڈیا کے حوالے سے کارکردگی سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سپریم کونسل نے سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے جملہ ممبران ،کوآرڈینیٹرز، ڈپٹی کوآرڈینیٹر کی کارکردگی کو سراہا۔

سوشل میڈیا گروپ ہیڈ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی قیادت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسداد دہشتگردی اور انتہا پسندی کے حوالے سے سب سے پہلے متبادل بیانیہ پیش کر کے اسلامی دنیاکو پراگندگی سے بچایا اور نوجوانوں کو اسلام کی پرامن فکر سے روشناس کروایا، اب عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اینٹی اسلام اور اینٹی پاکستان اور اینٹی انسٹیٹیوشنز پروپیگنڈا کیخلاف متبادل بیانیہ پر کام کررہے ہیں، اسلام اور ملک کے دشمنوں کیلئے کہیں کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائیگی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا کا تنظیمی نیٹ ورک اضلاع اور تحصیل کی سطح پر قائم کیاجائیگا اور اس حوالے سے زونل صدور اور نائب ناظمین اعلیٰ معاونت کرینگے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن سے وابستہ خواتین ممبران، ویمن لیگ، سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر عائشہ مبشر کی سرپرستی میں کام کرینگی اور براہ راست میل گروپ میں کام نہیں کرینگی۔