Live Updates

آئندہ عام انتخابات میں صوبہ سندھ سے آصف علی زرداری کے کرپٹ ٹولے کا خاتمہ ہوجائے گا،ڈاکٹر عارف علوی

جمعہ 4 مئی 2018 21:55

آئندہ عام انتخابات میں صوبہ سندھ سے آصف علی زرداری کے کرپٹ ٹولے کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں صوبہ سندھ سے آصف علی زرداری کے کرپٹ ٹولے کا خاتمہ ہوجائے گا۔ سندھ کے وسائل کو جس بے دردی سے اس سیاسی مافیا نے لوٹا ہے، دُنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ سند ھ میں ستر فیصد لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔

پانی کے جوہڑ سے انسان اور جانور ایک ساتھ پانی پیتے ہیںجو کہ پیپلز پارٹی کے منہ پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبے کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پارٹی رہنمائوں کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر تحریک انصاف سندھ کے سینئر ایگزیکٹو نائب صدر حلیم عادل شیخ، صداقت علی جتوئی، افتخار سومرو، الیاس شیخ، دیوان سچل، آغا ارسلان، شفقت انڑ، پپو خان چاچڑ، گل محمد رند، نصرت واحد ، مبین خان جتوئی، راجہ خان جکھرانی، قادری بھائی، دوا خان صابر، افتخار فاروقی، طاہر ملک اور دیگر رہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام آئندہ عام انتخابات میں اس کرپٹ مافیا کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ اس لیے آج کراچی سے لے کر گھوٹکی تک سندھ کے باشعور سیاسی اور پڑھے لکھے نوجوان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم پر متحد ہو رہے ہیں۔ تحریک انصاف ہی اس وقت پاکستان کے عوام کے لیے اُمید کی آخری کرن ہے کیونکہ اس کی قیادت بے داغ، دیانت دار اور ایماندار ہے۔

جس طرح چیئرمین عمران خان نے اپنی سیاسی جدوجہد سے کرپشن کی پارٹنرشپ کو توڑا ہے، اس طرح آئندہ عام انتخابات میں شریفوں کے ساتھ ساتھ زرداریوں کو بھی شکست فاش سے دوچار کریں گے۔ اب سندھ کے عوام ان زرداریوں کو پہچان چکے ہیں۔ آصف علی زرداری کرپشن کا دوسرا نام ہے۔ آج پیپلز پارٹی زرداری گروپ کا ہر وزیر کسی نہ کسی کرپشن میں ملوث ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ہم نیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلا تفریق احتساب کیاجائے اور جو بھی کرپشن میں ملوث ہے، اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات