سرمایے اورجاگیروں کی بنیاد پر عوام کا استحصال کرنے والے ملک کے سب سے بڑے دشمن ہیں لیاقت بلوچ

سامراجی قوتوں کے غلاموں نے نظریہ پاکستان کو پس پشت ڈال کر ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے ‘اجلاس سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 21:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) سیکرٹری جنر ل ایم ایم اے پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا 13 مئی کو مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ اسلامی پاکستان کی بنیاد ثابت ہو گا ، پاکستان میں سرمایے اور جاگیروں کی بنیاد پر عوام کا استحصال کرنے والے ملک کے سب سے بڑے دشمن ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں 13 مئی کومینار پاکستان پر ہونے والے ایم ایم اے کے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں انتظامی کمیٹیوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد ، مرکزی رہنماء جمعیت علماء اسلام مولانا امجد خان ، نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب مولانا جائوید قصوری ، مرکزی رہنماء مرکزی جمعیت اہلحدیث رانا شفیق پسروری،، مرکزی رہنماء اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید سبطین سبزواری، رہنما ء جمعیت علماء پاکستان مولانا سردار محمد خان لغاری ،جنرل سیکرٹر ی متحدہ مجلس عمل پنجاب ڈاکٹر جاوید اختر ، رہنماء اسلامی تحریک پاکستان سید شہباز حیدری نقوی ، رہنماء مرکزی جمعیت اہلحدیث بابر فاروق رحیمی ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ و دیگر رہنماء موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مینار پاکستان پر ایم ایم اے 13 مئی کو د ینی جماعتوں اور نظریہ پاکستان پر یقین رکھنے والی صالح اور باکردار قیادت کو اکٹھاکرے گی اور جس سے آئندہ انتخابات کیلئے پنجاب بھر میں باقاعدہ کمپین کا آغازہو گا۔ ملک میں ہمیشہ سامراجی قوتوں کی غلاموں نے نظریہ پاکستان کو پس پشت ڈال کر ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیاہے اور دولت کی بنیاد پر عوام کی گردنوں پر سوار ہو کر سیاسی اور معاشی مجرم ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ا یم ایم اے 2002 کی طرح اس بار پھربڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری ایم ایم اے پاکستان لیاقت بلوچ نے انتظامی کمیٹیوں کے معاملا ت کا تفصیلی جائزہ لیا اور ذمہ داران کو بھر پور تیاری کی ہدایات جاری کیں۔