ایم ایم اے کا منشور اسلامیت، پاکستانیت اور انسانیت کا آئینہ دار ہو گا،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

سیاست و جمہوریت کو نادیدہ خلائی مخلوق کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے،عوامی ریلے کے سیلاب کے سامنے خفیہ ہاتھوں کی سیاسی انجیئرنگ ٹھہر نہیں سکے گی،ترجما ن ایم ایم اے

جمعہ 4 مئی 2018 22:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا منشور اسلامیت، پاکستانیت اور انسانیت کا آئینہ دار ہو گا۔ متحدہ مجلس عمل تمام مکاتب فکر کا حسین گلدستہ ہے۔ اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والے ووٹرز کی پہلی ترجیح ایم ایم اے ہے۔

سیاست و جمہوریت کو نادیدہ خلائی مخلوق کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے۔ عوامی ریلے کے سیلاب کے سامنے خفیہ ہاتھوں کی سیاسی انجیئرنگ ٹھہر نہیں سکے گی۔ متحدہ مجلس عمل 13 مئی کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرے گی۔ ہمارے جلسے میں ناچ گانا نہیں درود و سلام کی صدائیں بلند ہوں گی۔

(جاری ہے)

قوم کتاب کے نشان پر مہریں لگا کر انقلاب نظام مصطفے کو ممکن بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے 13 مئی کے جلسہ کی تیاریوں کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ نئے دینی اتحاد بنانے والے دینی ووٹ کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ احتساب کے معاملے میں غیر جانبداری اولین شرط ہے۔ طالع آزما ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور سیاست میں مداخلت سے اجتناب کریں۔ قوم مسائل سے نجات کے لئے نظام مصطفے کے جھنڈے تلے متحد ہو جائے۔

نظام مصطفے ہی قوم کی آخری امید ہے۔ ایم ایم اے کے کامیاب اجتماعات دینی جماعتوں کی مقبولیت کا ثبوت ہیں۔ 13 مئی کا جلسہ سیکولر قوتوں کی موت ثابت ہو گا۔ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لئے دینی و نظریاتی جماعتوں کا اقتدار میں آنا ضروری ہے۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی علیحدگی کے بعد پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ میں اکثریت کھو چکی ہے اس لئے وزیراعلی خیبرپختونخواہ استعفی دے۔ تبدیلی کی علمبردار پارٹی غیر سیاسی قوتوں کے ہاتھوں میں کھلونا بن چکی ہے۔ لوٹوں کو گلے لگانے والے نیا پاکستان نہیں بنا سکتے۔