صحت مند قوم ،ملک کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے،عبدالغفور

جمعہ 4 مئی 2018 22:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ صحت مند قوم ،ملک کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ سب کچھ اس وقت ممکن ہوتا ہے جب ہم صحت کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں پولیو کے خاتمے کیلئے قائم کردہ ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس سے اس ماہ کی 7تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹانک، ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈیرہ، ٹانک، ایجنسی سرجن وانا، ایف آر ڈیرہ، ٹانک، ای پی آئی کے نمائندوں، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں، محکمہ پولیس کے افسران و دیگر متعلقہ دفاتر کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس میں گزشتہ ماہ کے دوران انسداد پولیو مہم میں پائے جانے والے نقائص اور خامیوں پر غور و خوض کیا گیا اور انہیں ہر ممکن طریقے سے حل کرنے اور نقائص کو دور کرنے پر زور دیا گیا۔

علاوہ ازیں 7مئی سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق بھی اجلاس کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ اور رواں ماہ کی پولیو مہموں کے دوران ریفیوزل کیسز پر خصوصی توجہ دی جائے۔ لوگوں کو پولیو وائرس کے خطرناک اثرات کے نقصانات اور پولیو کے قطروں کی افادیت سے روشناس کرایا جائے۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ پولیو کی بیخ کنی کیلئے تمام اداروں کی طرف سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے، والدین کو چاہیے کہ وہ محکمہ صحت کی طرف سے تفویض کردہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ہمارے نونہال عمر بھر کی معذور ی کا شکار نہ ہو ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی نگرانی کو بھی موثر بنایا جائے تمام ادارے انتہائی ذمہ داری سے اپنے فرائض سرانجام دیںغفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر انسداد پولیو مہم کے دوران ہمیں اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر اپنے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہیے کیونکہ پولیو ایک عفریت ہے جس کا تدارک انتہائی ضروری ہے لہذا اس قومی فریضے کی ادائیگی کیلئے ہمیں بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :