پاکستان میں معیشت‘ توانائی‘ مووٹر ویز سمیت عوامی خدمت کے ہر منصوبے پر محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مہر ثبت ہے‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خدمت اور شرافت کی سیاست کی‘ ہمارا مقابلہ اس جماعت سے ہے جو گالی‘ الزامات‘ بہتان کی سیاست کرتے ہیں‘ پاکستان کی عوام بہتان کی سیاست کامیاب نہیں ہونے دے گی‘ 2018کے الیکشن میں پاکستان کے عوام 2013 سے بھی زیادہ ووٹ دیکر دوبارہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کو کامیاب بنائیں گے‘ آئندہ الیکشن میں کسی اور کا نہیں صرف پاکستان کے عوام کا فیصلہ ہی چلے گا وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہوٹہ کے علاقہ نڑھ میں جلسہ عام سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 22:49

پاکستان میں معیشت‘ توانائی‘ مووٹر ویز سمیت عوامی خدمت کے ہر منصوبے ..
اسلام آباد۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیشت‘ توانائی‘ مووٹر ویز سمیت عوامی خدمت کے ہر منصوبے پر محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مہر ثبت ہے‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خدمت اور شرافت کی سیاست کی‘ ہمارا مقابلہ اس جماعت سے ہے جو گالی‘ الزامات‘ بہتان کی سیاست کرتے ہیں‘ پاکستان کی عوام بہتان کی سیاست کامیاب نہیں ہونے دے گی‘ 2018کے الیکشن میں پاکستان کے عوام 2013 سے بھی زیادہ ووٹ دیکر دوبارہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کو کامیاب کرینگے‘ آئندہ الیکشن میں کسی اور کا نہیں صرف پاکستان کے عوام کا فیصلہ ہی چلے گا۔

وہ جمعہ کو کہوٹہ کے علاقہ نڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات‘ نشریات‘ قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب‘ وفاقی وزیر حافظ عثمان‘ ایم پی اے ثوبیہ انور ستی‘ راجہ صغیر احمد آف مٹور‘ بلال یامین ستی‘ بریگیڈئیر (ر) جاوید ستی‘ یونین کونسلوں کے چیئرمینو وائس چیئرمین‘ معززین علاقہ اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میری یہ خواہش تھی کہ بزرگ اور دوست کرنل (ر) یامین ستی (مرحوم) کے علاقے میں آئوں اور ان کی قبر پر حاضری دوں‘ ہمارے ان کے ساتھ 30 سال کے روابط تھے‘ ہم نے سیاسی سفر بھی ساتھ ہی طے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نڑھ کے لوگوں کی مسلم لیگ (ن) سے لگن ہے کہ وہ بار بار پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرتے رہے ہیں‘ ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ جس خلوص سے حلقے کے عوام نے منتخب کیا ہے اسی اسی خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج 17سال بعد بھی لوگ کرنل یامین کو یاد رکھے ہوئے ہیں، کونسلر راجہ پہلوان خان (مرحوم) وہ ایک ٹانگ کے ساتھ ان دشواد گذار علاقوں میں جاتے تھے جہاں نوجوان بھی نہیں جاسکتے تھے‘ کرنل یامین (مرحوم ) نے اس علاقے کی بہت خدمت کی ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس علاقے کی دلیری‘ ہمت کی روایات آج بھی زندہ ہے‘ اسی علاقے کے ایک پولیس اہلکار مظہر ستی نے فرائض سر انجام دیتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دی‘ کہوٹہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے‘ کوئی ایسا معرکہ نہیں جس میں کہوٹہ کے لوگوں نے قربانی نہ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے لوگ کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتے اور نہ ہی بھاگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کے سفر میں شریک رہنے والے نڑھ والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا فضل و کرم ہے کہ نڑھ کہوٹہ سمیت پاکستان کے جس بھی حلقے میں جائیں عوامی خدمت کے کام صرف مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے منصوبے‘ گیس کے منصوبے‘ موٹر ویز‘ کارخانوں سمیت جو بھی خدمت کے کام ہے اس پر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی مہر ہے‘ یہ وہ جذبہ ہے جس کو لیکر مسلم لیگ (ن) 2013میں میدان میدان میں اتر ی تھی‘ اب 2018 میں عوام کے پاس دوبارہ فیصلے کا وقت آگیا ہے‘ فیصلہ عوام خود ہی کریگی۔

انہوں نے کہا کہ کوئی شبہ نہیں ہے کہ پاکستان میں ہر شخص یہ محسوس کرتا ہے کہ اگر کوئی جماعت ہے جس نے عوام کے مسائل حل‘ ملک کو خودمختاری دی ہے وہ مسلم لیگ (ن) اور محمد نواز شریف ہیں‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں جو وعدے کیے وہ پورے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2018 میں الیکشن ہیں اس الیکشن میں صرف عوام کا ہی چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے جس بھی حصے میں میں گیا ہوں وہاں پر ایسا ہی جذبہ دیکھا ہے انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں فتح پاکستان مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کی ہوگی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کی خدمت کی‘ عوام کے دیرینہ مسائل حل کیے‘ ملک کو معاشی طور پر مستحکم کیا‘ شرافت اور خدمت کی سیاست کی لیکن اب ہمارا جن کے ساتھ مقابلہ ہے وہ الزامات‘ بہتان کی سیاست کرتے ہیں‘ پاکستان کے عوام ایسی سیاست کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ نڑھ کے علاقے میں 100 فیصد بجلی کے فنڈز جاری ہوچکے ہیں‘ ہم نے ترقیاتی کاموں کو جھٹلایا نہیں ہے کیونکہ قومی صوبائی اسمبلی ممبران کا فرض ہوتا یہ کہ علاقے کی ترقی کے لئے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام یہ جان چکی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ترقی کے اس سفر کی کوئی مثال نہیں ہے‘ مجھے امید ہے کہ جولائی الیکشن 2013سے بھی بہتر ہوگا اور پاکستان مسسلم لیگ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔